کراچی میں جاری پاکستان کپ کا نواں راؤنڈ مکمل ہوگیا ہے. منگل کے روز کھیلے گئے راؤنڈ میچز میں سینٹرل پنجاب، بلوچستان اور سدرن پنجاب نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں.یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے حارث سہیل، عبدالواحد بنگلزئی، عمران بٹ اور حسیب اللہ کی نصف سنچریوں کی بدولت ناردرن کو 110 رنز سے شکست دے دی. پلیئر آف دی میچ حارث سہیل 92، عبدالواحد بنگلزئی 88، عمران بٹ 83 اور حسیب اللہ 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. 388 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 277 رنز پر ڈھیر ہوگئی. کاشف بھٹی نے چار وکٹیں حاصل کیں. عمر اکمل اور عمیر مسعود 51, 51 رنز بنا کر نمایاں رہے.
دوسری جانب سدرن پنجاب نے 172 رنز کا آسان ہدف 35.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے فتح سمیٹی. اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نوجوان اوپنر محمد شہزاد نے 85 رنز کی اننگز کھیلی. 4 چھکوں اور 5 چوکوں پر مشتمل اس اننگز کی بدولت انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا.
اُدھر این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 113 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا. احمد شہزاد 71 اور کپتان قاسم اکرم 58 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے. 316 رنز کے تعاقب میں کے پی کی پوری ٹیم 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی. افتخار احمد نے 66 اور فخر زمان نے 52 رنز اسکور کیے. اسامہ میر نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا.