پاکستان سپر لیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ کے 19 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعظم خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز  کو  6 وکٹوں سے شکست دیدی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور ایڈم روسنگٹن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شرجیل خان صرف 8 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہو گئے، روسنگٹن بھی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ طیب طاہر 19 اور شعیب ملک 12 رنز بنا سکے۔

 

 

 

عماد وسیم نے عرفان خان نیازی کے ساتھ مل کر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا۔عماد وسیم 54 گیندوں پر 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 92 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عرفان خان نیازی نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔اسلام آباد کی جانب سے ٹام کرن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف، رومان رئیس اور حسن علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

 

 

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی جبکہ ایلکس ہیلز بھی 62 کے مجموعے پر بولڈ ہو گئے جبکہ رسی وین ڈر ڈوسن بھی 22 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد اعظم خان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے ناصرف ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا بلکہ اپنی ٹیم کے لیے جیت کی بنیاد رکھی لیکن جیت سے چند قدم کی دوری پر فہیم اشرف 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

 

 

 

دوسری جانب اعظم خان نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے 41 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔   یاد رہے کہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔کراچی کنگز اب تک ٹورنامنٹ میں 6 میچ ہار چکی ہے اور صرف دو میں اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے، پی ایس ایل 8 میں کراچی کنگز کا اگلے مرحلے میں جانے کا سفر تقریباً اختتام پزیر ہو چکا ہے۔

error: Content is protected !!