سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 305رنز بنالئے ۔ کوسل مینڈس اور کپتان دیموتھ کرونارتنے نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ کوسل مینڈس 87، کپتان دیموتھ کرونارتنے 50 اور انجیلو میتھیوز47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ میزبان کیوی ٹیم کی طرف سے ٹم سائوتھی نے تین ،میٹ ہنری نے دو جبکہ مچل بریسویل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
جمعرات کو دونوں ٹیموں کے درمیان کرائسٹ چرچ میں میچ شروع ہوا تو کیوی کپتان ٹم سائوتھی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آئی لینڈرز کی طرف سے اوشادا فرنینڈو اور کپتان دیموتھ کرونارتنے نے اننگز کا آغاز کیا، جو کچھ خاص نہ تھا۔اوشادا فرنینڈوانفرادی 13رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان کرونارتنے اور کوسل مینڈس کے درمیان دوسرے وکٹ پر قیمتی 137 رنز بنے۔
کوسل مینڈس 87 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،ان کے بعد کپتان دیموتھ کرونارتنے 50 رنز بناکر میٹ ہنری کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ دنیش چندیمل چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 39 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔انجیلو میتھیوز 47 رنز بناکر میٹ ہنری کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔
نیروشان ڈکویلا7 رنز بناکر بریسویل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ دھننجایا ڈی سلوا 39 اور کاسن راجیتھا 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آئی لینڈرز نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنالئے تھے ۔ میزبان کیوی ٹیم کی طرف سے ٹم سائوتھی نے تین ،میٹ ہنری نے دو جبکہ مچل بریسویل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔