پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے بورڈ نے ٹیم میں کچھ بڑی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان بڑی تبدیلیوں میں ایک بڑی تبدیلی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو آرام دینے کی غرض سے باہر بٹھا کر ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے شاہد آفریدی اپنے دامام کو قومی ٹیم کا کپتان بنانے کیلئے بڑی خاموشی کے ساتھ لابنگ کر رہے ہیں
شاہد آفریدی ٹی وی انٹرویوز اور سوشل میڈیا پر بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریفیں تو کرتے نظر آتے ہیں تاہم ہمیشہ ان کی جانب سے ان کی کپتانی پر سوال اٹھایا گیا ہے، انتہائی باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے بورڈ کے بڑوں کو اس بات پر راضی کرلیا ہے کہ افغانستان کیخلاف شاہین آفریدی کو ٹیم کی قیادت دیکر دیکھا جائے کیا نتیجہ آتا ہے
دوسری جانب لاہور قلندرز کی فرنچائز جس کے پیچھے ایک معروف نجی ٹی وی چینل بھی ہے نے بھی شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم کی قیادت کیلئے آگے کر رکھا ہے اور ان کی جانب سے بھی پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ بابر اعظم کی جگہ شاہین آفریدی کو ٹیم کا کپتان بنا دیا جائے۔