کراچی (سپورٹس لنک) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر خلیل احمد ناصر اور جنرل سیکریٹری نعمت خان نے سینئر سپورٹس جرنلسٹس ، رکن کے یو جے اور کراچی پریس کلب شعیب جٹ کو دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر دھمکی دینے والوں کے خلاف ایکشن لیں اور شعیب جٹ کو تحفظ فراہم کرے۔صدر خلیل ناصر نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے شعیب جٹ کو ٹویٹر اور دیگر پلیٹ فارم پر قتل کی سنگین دھمکیاں دی جارہی ہیں اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو ان افراد کے خلاف کارروائی کی احکامات دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شعیب جٹ کو فوری طور پر تحفظ بھی فراہم کرے۔
جنرل سیکریٹری نعمت خان نے کہا کہ شعیب جٹ آن لائن دھمکیاں ملنے کے بعد باقاعدہ ایف آئی اے سائبر کرائمز میں تحریری درخواست بھی جمع کروائی تھی تاہم سائبرکرائم کی جانب سے ان کی درخواست پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔جو سمجھ سے بالاتر ہےانہوں نے کہا کچھ عناصر صرف سوال کرنے پر شعیب کو قتل جیسے سنگین دھمکی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے کام پر بھی تنقید ہوسکتی ہے لیکن قتل کی دھمکی ایک سنگین جرم ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹویٹر انتظامیہ کو پابند کریں کہ اس طرح کے افراد کے ناصرف اکاؤنٹس بند کرے بلکہ پاکستانی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملزمان تک رسائی میں مدد بھی فراہم کرے.