پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق 19 ویں ایشین گیمز کے لیے مختلف کھیلوں میں پاکستان کے 287 پلیئرز و آفیشلز کی انٹری کنفرم کی گئی ہے، دستے میں 222 کھلاڑی اور ان کھیلوں کے 65 آفیشلز شامل ہوں گے، کھلاڑیوں میں 161 مرد کھلاڑی اور 62 خواتین شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے بیس بال اور جمناسٹک میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا، پاکستان سپورٹس بورڈ نے دونوں کھیلوں کو ایشین گیمز کے لیے اخراجات دینے سے منع کر دیا تھا جبکہ فٹبال اور ایکیوسٹریئن میں بروقت انٹری نہ بھیجنے کی وجہ سے پاکستان شریک نہیں ہوگا۔
چیف ڈی مشن سمیت دستے کے انتظامی آفیشلز کی فہرست بعد میں فائنل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چین کے شہر ہینگزو میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک ہونے والے ایشین گیمز کے لیے آرگنائزرز نے 15 جولائی کی ڈیڈ لائن دی تھی۔