پاکستان کپ: لاہور وائٹس، ملتان، پشاور اور راولپنڈی کی کامیابی

 

پاکستان کپ: لاہور وائٹس، ملتان، پشاور اور راولپنڈی کی کامیابی

شرجیل خان کی سنچری، احمد دانیال کی پانچ وکٹیں، عمیر مسعود کے پانچ کیچ

 

پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں لاہور وائٹس،ملتان، پشاور اور راولپنڈی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ان میچوں کی خاص بات شرجیل خان کی سنچری، احمد دانیال کی پانچ وکٹیں اور وکٹ کیپنگ میں عمیر مسعود کے پانچ کیچز کی عمدہ کارکردگی تھی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور وائٹس نے لاہور بلوز کو67 رنز سے ہرادیا۔ لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 45 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 199 رنز بنائے۔کامران افضل نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ طیب طاہر نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے۔
وکٹ کیپر جنید علی نے ایک اسٹمپڈ اور تین کیچز کیے۔ عثمان قادر، عمید آصف اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور بلوز کی ٹیم جواب میں 27 اوورز میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ہاشم ابراہیم نے پانچ چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔احمد دانیال نے33 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور نے کراچی وائٹس کو7 وکٹوں سے ہرادیا۔ پشاور نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جو43.4 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔دانش عزیز ایک چوکے اور دو چھکے کی مدد سے 53 اور شان مسعود چار چوکوں کی مدد سے42 رنز بناکر نمایاں رہے۔
محمد الیاس نے53 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔محمد عمران نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ پشاور نے 44.3 اوورز میں تین وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔ زین خان نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے56 رنز بنائے۔عادل امین چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57رنز اور نبی گل پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 114 رنز کا اضافہ کیا۔

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان نے فیصل آباد کو4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ملتان نے ٹاس جیت کر فیصل آباد کو بیٹنگ دی جس نے 42 اوورز میں8 وکٹوں پر214 رنز بنائے۔ فہیم اشرف نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ محمد سلیم نے پانچ چوکوں کی مدد سے53 رنز اسکور کیے۔ سراج الدین نے 39 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان نے شرجیل خان کی سنچری کی بدولت 39.2اوورز میں چھ وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔شرجیل خان نے 69 گیندوں پر 100 رنز اسکور کیے جس میں 12چوکے اور 6چھکے شامل تھے۔خرم شہزاد نے 53 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے فاٹا کو16 رنز سے ہرادیا۔ فاٹا نے ٹاس جیتا اور پہلے راولپنڈی کو بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا جو 42.4 اوورز میں 170 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔تیمور خان 27رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔اعزاز خان اور ثمین گل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فاٹا کی ٹیم 154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد فاروق نے 47 رنز اسکور کیے۔ وکٹ کیپر عمیر مسعود نے پانچ کیچز کیے۔ کاشف علی اور جہانداد خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

 

 

error: Content is protected !!