کراچی وائٹس پاکستان کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

 

کراچی وائٹس پاکستان کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

سیمی فائنل میں ملتان کو 43 رنز سے شکست

صائم ایوب کے میچ وننگ 95 رنز ، سہیل خان کی چار وکٹیں

لاہور 17 نومبر، 2023:ء

 

صائم ایوب کے شاندار 95 رنز ، سہیل خان اور غلام مدثر کی عمدہ بولنگ کی بدولت کراچی وائٹس نے ملتان ریجن کو پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں 43 رنز سے شکست دیدی۔

کم روشنی کی وجہ سے اس میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کےتحت ہوا۔

اب کراچی وائٹس اور پشاور کے درمیان فائنل اتوار کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پشاور نے پہلے سیمی فائنل میں فاٹا کو 44 رنز سے ہرایا تھا۔

جمعہ کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں ملتان نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جو 44.3 اوورز میں 280 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ملتان نے 41 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر229 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا اور میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کیا گیا۔

کراچی وائٹس کے اوپنرز شان مسعود اور صائم ایوب نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 106 رنز کا اضافہ کیا۔ شان مسعود پانچ چوکوں کی مدد سے41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب نے اس سیزن میں اپنی شاندار بیٹنگ کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے 86گیندوں پر 95 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور چھکا شامل تھا۔

حبیب اللہ 40 دانش عزیز 33 اور کپتان سرفراز احمد 28 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

ملتان کی طرف سے محمد عمران نے 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد صداقت اور فیصل اکرم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان کو ابتدا ہی میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ غلام مدثر نے شرجیل خان کو صفر اور زین عباس کو 6 رنز پر آؤٹ کردیا۔ صہیب مقصود اور حسیب اللہ کے درمیان نصف سنچری شراکت قائم ہوئی تاہم صہیب مقصود 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

حسیب اللہ کی شاندار سنچری بھی اپنی ٹیم کو جتوانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی ۔ انہوں نے 108گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

سہیل خان کراچی وائٹس کے سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے44 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔غلام مدثر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

مختصر اسکور:
کراچی وائٹس 280 رنز ( 44.3 اوورز ) صائم ایوب 95، شان مسعود 41، حبیب اللہ 40، محمد عمران 58 / 3 وکٹ۔

ملتان 229 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 41 اوورز ) حسیب اللہ 106 ناٹ آؤٹ، صہیب مقصود 32، سہیل خان 44 / 4 وکٹ۔

 

 

 

error: Content is protected !!