قومی کرکٹ ٹیم کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے ایج گروپ کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین نوعمر کھلاڑیوں کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے. ان تین کھلاڑیوں میں ملتان کے آلراؤنڈر عرفات منہاس، ڈیرہ مراد جمالی کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین باسط علی اور فیصل آباد کے فاسٹ باؤلر محمد ذیشان شامل ہیں.
تین کھلاڑیوں کی نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کا مقصد ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے ماحول سے ہم آہنگ کرنا ہے.
شاہد آفریدی، سربراہ عبوری سلیکشن کمیٹی:
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی نظر صرف پاکستان کرکٹ کے حال پر ہی نہیں بلکہ اس کے مستقبل پر بھی ہے لہٰذا انہوں نے ایج گروپ کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ان تین نوجوان کھلاڑیوں کو آئندہ چند روز قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے دباؤ سے نبردآزما ہونے کا موقع ملے گا.
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ تینوں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاہم فاسٹ ٹریک سے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت سے انہیں اعلیٰ درجہ کی کرکٹ سے متعلق مؤثر تجربہ ملے گا.
عرفات منہاس پاکستان جونیئر لیگ کے بہترین آلراؤنڈر قرار پائے تھے. انہوں نے ٹورنامنٹ میں گوادر شارکس کی نمائندگی کرتے ہوئے 178 رنز اور 9 وکٹیں حاصل کی تھیں. اسی ٹورنامنٹ میں بہاولپور رائلز کے باسط علی کو بہترین بیٹر اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا. انہوں نے ٹورنامنٹ میں 379 رنز بنائے تھے. انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف انڈر 19 سیریز میں بھی شرکت کی تھی.
محمد ذیشان نے اسی ٹورنامنٹ میں 14 وکٹیں حاصل کی تھیں. وہ ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر قرار پائے تھے.