پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق چیئرمین رمیز راجا کے بیان پر ردعمل دے دیا اور نجم سیٹھی پر لگائے گئے الزامات کی تردید کردی۔سابق چیئرمین پی سی بی کی جانب سے بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کردی ہے۔پی سی بی نے رمیز راجا کی جانب سے نجم سیٹھی کے خلاف دیے بیانات پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان بیانات کا مقصد موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا کہ اپنے چیئرمین اور ادارے کی ساکھ کے دفاع اور تحفظ کے لیے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سابق چیئرمین رمیز راجہ کا اپنے اور موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کے سابقہ دور کے اخراجات کے بارے میں موازنہ گمراہ کن اور غلط ہے۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق یو اے ای کے متعدد دوروں کے باوجود نجم سیٹھی نے کبھی بھی پی ایس ایل الاؤنس وصول نہیں کیا۔
اعلامیے کے مطابق موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کو گاڑی کا الاؤنس بھی بورڈ آف گورنر کی منظوری کے مطابق ادا کیا گیا تھا، اس کے برعکس سابق چیئرمین رمیز راجا کو ایک نئی گاڑی فراہم کی گئی، جس کی مالیت 1 کروڑ 65 لاکھ روپے تھی۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق موجودہ چیئرمین کے تمام سفری اخراجات متعلقہ حکام کی منظوری سے کیے جاتے تھے، جس کا باقاعدہ اندرونی اور بیرونی طور پر آڈٹ کیا گیا تھا۔اعلامیے کے مطابق نجم سیٹھی صوبہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ تھے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے انہیں باقاعدہ ایڈوائزری جاری کی گئی تھی، لہٰذا ان کے سیکورٹی اخراجات زیادہ تھے۔