آئی ٹی ایف جے 30: گرلز فائنل میں روبٹسووا اور واسیلیوسکايا آمنے سامنے
آئی ٹی ایف جے 30: گرلز فائنل میں روبٹسووا اور واسیلیوسکايا آمنے سامنے
لاہور: ایچی سن کالج لاہور میں جاری آئی ٹی ایف جے 30 علی ایمبرائڈری ملز انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026ء میں پاکستان کے ابوبکر طلحہ اور حسن عثمانی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوائز انڈر 18 سنگلز کے فائنل میں جگہ بنالی ہے،
جس کے ساتھ ہی ٹائٹل کے لیے آل پاکستان فائنل کا معرکہ طے ہو گیا ہے۔
جمعرات کو کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلوں میں ابوبکر طلحہ نے حریف کھلاڑی احتشام ہمایوں کو 1-6 اور 3-6 سے شکست دی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں حسن عثمانی نے عامر مزاری کو 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
گرلز انڈر 18 سنگلز کے سیمی فائنلز میں روبٹسووا واروارا نے ہاجرہ سہیل اور واسیلیوسکايا اسٹیفانیلا نے ڈیکسی ہو کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
بوائز انڈر 18 ڈبلز کے فائنل میں احتشام ہمایوں اور عامر مزاری نے عاصم اور حسن کو 4-6 اور 5-7 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ ابوبکر طلحہ اور حمزہ رومان کی جوڑی سے ہوگا۔
علاوہ ازیں، گرلز انڈر 18 ڈبلز کا ٹائٹل ڈیزیپا اور روبٹسووا نے ڈیکسی اور بسمہ ضیاء کو اسٹریٹ سیٹس میں 0-6 اور 0-6 سے شکست دے کر اپنے نام کر لیا۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی علی ایمبرائڈری ملز کے سی ای او طارق زمان ہوں گے، جبکہ تقریب میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی،
سابق سیکرٹری اسپورٹس فضل الرحمان، موجودہ سیکرٹری اسپورٹس ڈاکٹر آصف طفیل، پی ایل ٹی اے کے صدر کیپٹن (ر) فضیل اصغر، پرنسپل ایچی سن کالج ڈاکٹر ایس ایم تراب حسین سمیت نامور کھلاڑی اور ٹینس کے شائقین بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔