جے-30 صبحِ نو ورلڈ جونیئر ٹینس: زوہیب افضل ملک سنگلز اور ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے
جے-30 صبحِ نو ورلڈ جونیئر ٹینس: زوہیب افضل ملک سنگلز اور ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد: پاکستان کے باصلاحیت جونیئر ٹینس اسٹار زوہیب افضل ملک نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو اسلام آباد میں جاری جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے بوائز سنگلز اور ڈبلز دونوں ایونٹس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
16 ممالک کے 55 کھلاڑیوں (33 بوائز اور 22 گرلز) پر مشتمل اس ایونٹ کے بوائز سنگلز کوارٹر فائنل میں زوہیب افضل ملک نے ہم وطن عبدالباسط کو سنسنی خیز تین سیٹوں کے بعد 4-6، (1)6-7، 2-6 سے شکست دی،
جبکہ احتشام ہمایوں نے اعصاب شکن مقابلے میں امیر مزاری کو 5-7، (4)6-7، 5-7 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ دیگر سنگلز کوارٹر فائنلز میں تھائی لینڈ کے فاسن سنچالونگ نے حسن عثمانی کو 0-6، (1)6-7 سے اور سری لنکا کے ریحان گناوردھنا نے جرمنی کے جیکب لیٹش کو 6-2، 3-6، 3-6 سے زیر کیا۔
بوائز ڈبلز کوارٹر فائنلز میں زوہیب افضل ملک اور حمزہ رومان نے عبدالباسط اور حاذق عاصم کو 5-7، 3-6 سے ہرایا، جبکہ امیر مزاری اور عمر جواد ملک نے احتشام ہمایوں اور حسن عثمانی کو 6-3، 3-6، (11-13) سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
دیگر ڈبلز مقابلوں میں جیکب لیٹش اور جین ڈی سارم نے سری لنکا کے ریحان اور عاہل کو 6-3، 3-6، (8-10) سے جبکہ تھائی جوڑی فاسن اور تھیراپت نے محمد یحییٰ اور برینن این جی کو 4-6، 4-6 سے ہرایا۔
گرلز سنگلز کوارٹر فائنلز میں قازقستان کی پولینا سوشکووا، آیلن باکیوا، ادیما السیپولوا اور تھائی لینڈ کی پلوئی پیچ نے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی،
جبکہ گرلز ڈبلز میں تھائی لینڈ کی پلوئی پیچ/انیاوی، روس کی واروارا/چین کی ژوان یی، اور قازقستان کی آیلن/دانیلیا کی جوڑیوں نے کامیابی حاصل کی۔
دریں اثنا، صبحِ نو کی چیئرپرسن اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محترمہ شاہدہ کوثر فاروق نے ٹینس کمپلیکس کا دورہ کیا، میچز دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس عالمی ایونٹ کے انعقاد میں صبحِ نو، پارک ویو سٹی، دیوان سیمنٹ، بینک الفلاح اور او جی ڈی سی ایل کا تعاون شامل ہے۔