تھائی لینڈ میں پاکستانی پرچم بلند، رشید ملک نے بھارتی جوڑی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
تھائی لینڈ میں پاکستان کا پرچم بلند، رشید ملک ایم ٹی 700 ڈبلز فائنل میں پہنچ گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے نامور سینئر ٹینس کھلاڑی اور سابق ڈیوس کپ پلیئر رشید احمد ملک نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں جاری آئی ٹی ایف ماسٹرز ایم ٹی 700 ٹینس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ بھارتی جوڑی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر مینز 55 پلس ڈبلز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
رائل کلف ہوٹل پٹایا کے ٹینس کورٹس پر کھیلے گئے سیمی فائنل میں رشید احمد ملک نے جرمنی کے ایکسل ہیمپ کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے بھارت کے بال کرشن بھاٹیہ اور جے پرکاش نشاد کو باآسانی 6-1 اور 6-2 کے اسکور سے زیر کیا۔ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ختم ہونے والے اس مقابلے میں پاک جرمن جوڑی شروع سے آخر تک حریف پر حاوی رہی۔
دوسری جانب مینز 70 پلس ڈبلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے وقار نثار اور ہانگ کانگ کے ہون لم یو فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہیں سیکنڈ سیڈ ہنگری کے لاسزلو بوٹس اور ہانگ کانگ کے ساؤ کی ڈیوڈ لی کی جوڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔