کرکٹ

انگلینڈ کیخلاف تاریخی فتح، وزیراعظم، صدر اور چیئرمین پی سی بی کی قومی ٹیم کو مبارکباد

 انگلینڈ کیخلاف تاریخی فتح، وزیراعظم، صدر اور چیئرمین پی سی بی کی قومی ٹیم کو مبارکباد

لاہور: سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ایک وکٹ سے شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹرائی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

 انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بنائے، بین ڈکٹ کی سنچری کے باوجود شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ نے انگلینڈ کو بڑا سکور نہ بنانے دیا۔

جواب میں پاکستانی ٹیم 154 رنز پر 9 وکٹیں گنوا کر شکست کے دہانے پر تھی، ایسے میں شاداب خان نے تاریخ رقم کر دی۔

 شاداب خان نے ناقابل شکست 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری ہے۔ آخری وکٹ پر حارث رؤف کے ساتھ ان کی 89 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، جو کامیاب رن چیز میں آخری وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ بھی ہے۔

وزیراعظم کا پیغام 

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ 

پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے عزم، نظم و ضبط اور مقابلہ کرنے کے جذبے نے قوم کو فخر کا موقع فراہم کیا۔

وزیراعظم نے خصوصی طور پر شاداب خان کی شاندار سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ فیصلہ کن شراکت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں شائقین کا جوش و خروش پوری قوم کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔

 وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عالمی معیار کی کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں اہم ہیں۔

صدرِ مملکت کا خراجِ تحسین 

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی اعصاب شکن مقابلے میں فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ شاداب خان اور حارث رؤف نے عزم، حوصلے اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو یادگار کامیابی دلائی۔ صدر نے سہ ملکی سیریز میں مجموعی کارکردگی پر ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی مبارکباد

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں شاندار کارکردگی پر پاکستانی کرکٹرز کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کھلاڑی اسی جذبے سے فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔

Related Articles


Back to top button