سلطان اذلان شاہ کپ : پاکستان کی دھماکے دار فتح، کینیڈا کو 1-5 سے روند دیا
سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان کی دھماکے دار فتح، کینیڈا کو 1-5 سے روند دیا
ایپوہ: 32ویں سلطان اذلان شاہ کپ 2026 کے راؤنڈ رابن میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کینیڈا کو 1-5 سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے ہیٹرک اسکور کی جبکہ محمد عماد اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔
میچ کا آغاز تیز رفتار رہا اور پاکستان نے شروع سے ہی کینیڈا کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کے لیے پہلا گول 18ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر کیا، جس کے بعد 37ویں منٹ میں محمد عماد نے فیلڈ گول کر کے برتری کو دوگنا کر دیا۔
کینیڈا کی جانب سے واحد گول 45ویں منٹ میں کرن رابنسن نے فیلڈ گول کی صورت میں اسکور کیا۔
تیسرے کوارٹر کے اختتام اور چوتھے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل جاری رکھا۔ 48ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کیا۔
52ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کے ذریعے اسکور 1-4 کر دیا، جبکہ 53ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پاکستان کی فتح 1-5 سے یقینی بنا دی۔
گول اسکوررز:
پاکستان: سفیان خان نے 18ویں، 48ویں اور 53ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کے ذریعے تین گول کی ہیٹرک، محمد عماد نے 37ویں منٹ میں فیلڈ گول، حنان شاہد نے 52ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کیا۔
کینیڈا: کرن رابنسن نے 45ویں منٹ میں واحد گول اسکور کیا۔
صدر پی ایچ ایف کا بیان: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے ٹیم کی اس کارکردگی کو سراہا گیا ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے آئندہ میچز میں بھی اسی تسلسل اور جذبے کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کرے گی۔