ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ مینز سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی
ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ مینز سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی
پاکستانی مینز ٹیم سیمی فائنل میں ہانگ کانگ چائنا سے ٹکرائے گی ویمنز ٹیم ملائیشیا سے ہارگئی
اسلام آباد (پی پی اے) 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے تیسرے روز مینز ایونٹ کے سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگیا پاکستان ہانگ کانگ چائنا ملائیشیا اور کوریا کی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ چائنا جبکہ ملائیشیا کا مقابلہ کوریا سے ہوگا اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ کے تیسرے روز ویمنز ایونٹ میں ہانگ کانگ چائنا نے ایران کو تین صفر سے شکست دی۔
ہانگ کانگ کی چان سین یوک نے فرشتے اقدرتی کو 11-6، 11-5 اور 11-8، لی کا یی نے نجمہ بوشہریزادے کو 11-1، 11-1 اور 11-9 جبکہ تسی یی لام ٹوبی نے نرگس سلطانی کو 11-4، 11-9 اور 11-8 سے ہرایا مینز مقابلوں میں کوریا نے ازبکستان کو تین صفر سے شکست دی۔
کوریا کے جیونگ من ریو نے محمد مصطفیٰ عبدالرحمانوف، جو ینگ نا نے یخیوخون نذیروف اور سیوجن اوہ نے بوترجون انورجونوف کو شکست دی۔
ملائیشیا نے ایران کو بھی تین صفر سے ہرایا۔ ملائیشیا کے یوآخیم چوآہ، سیو یی شیان اور لو وا سرن نے اپنے اپنے میچز جیت کر ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی ویمنز ایونٹ میں ملائیشیا نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دی۔
ملائیشیا کی عینا امانی نے ثنا بہادر کو 12-10، 6-11، 11-2 اور 11-6 سے، یشمتھا جادیش کمار نے ماہ نور علی کو 11-3، 11-7 اور 11-1 جبکہ تھانوسا اتھرین نے حریش علی کو 11-8، 4-11، 11-2 اور 11-8 سے ہرایا
چیمپئن شپ کے چوتھے روز 6 نومبر کو صبح 10 بجے مینز پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں ایران اور ازبکستان آمنے سامنے ہوں گے جبکہ اسی وقت ویمنز مقابلے میں پاکستان اور ایران کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
دوپہر 12 بجے ملائیشیا اور کوریا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا مینز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سہ پہر 3 بجے ملائیشیا اور کوریا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی
جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں شام 5 بجے پاکستان اور ہانگ کانگ چائنا کی ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ ہوگا۔ قومی ٹیم سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرکے فائنل تک رسائی کی کوشش کرے گی