ٹٰینس

آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز ٹور پٹایا مکمل، پاکستان سینئر ٹینس ٹیم بنکاک روانہ

پٹایا میں کامیابی کے بعد پاکستان سینئر ٹینس ٹیم بنکاک روانہ، رشید ملک نے ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

لاہور: پاکستان کی سینئر ٹینس ٹیم تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز ٹور کے ایونٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد بنکاک روانہ ہوگئی ہے۔ 

قومی دستے نے پٹایا میں منعقدہ MT700 اور MT400 ٹورنامنٹس میں حصہ لیا، جہاں پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑی رشید ملک نے انٹرنیشنل ڈبلز ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔

تفصیلات کے مطابق، رشید ملک نے جرمنی کے ایکسل ہیمپ کے ساتھ جوڑی بنا کر MT700 ایونٹ میں 55 پلس مینز ڈبلز کا تاج اپنے نام کیا۔ 

یہ رشید ملک کے شاندار سینئر ٹینس کیریئر کا ایک اور بڑا اعزاز ہے۔ وہ MT400 ٹورنامنٹ میں بھی 55 پلس اور 60 پلس ڈبلز کے سیمی فائنل تک پہنچے، تاہم ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انہیں دستبردار ہونا پڑا۔

دیگر کھلاڑیوں میں، خرم امتیاز نے متاثر کن کھیل پیش کیا اور MT700 میں 55 پلس سنگلز کے کوارٹر فائنل جبکہ MT400 میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ 

انہوں نے نیوزی لینڈ کے ورلڈ نمبر 173 ڈیمین پاؤنڈ کو بھی شکست دی۔ وقار نثار نے 70 پلس کیٹیگری میں زبردست عزم کا مظاہرہ کیا اور MT700 کے ڈبلز سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

فرقان الدین خان، جو کہ پرانی ٹینس ایلبو انجری کا شکار تھے، نے خرم امتیاز کے ساتھ مل کر MT400 میں چین کی جوڑی کو شکست دی، لیکن انجری بڑھنے کے باعث کوارٹر فائنل سے قبل دستبردار ہو گئے۔

 بنکاک میں قیام کے دوران پاکستانی دستے کو ایک بھارتی ٹینس کھلاڑی کی جانب سے اعزازی عشائیہ دیا جائے گا، جو کھیلوں کی دوستی اور خیرسگالی کا عکاس ہے۔

ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہفتہ کی رات لاہور واپس پہنچنے کا شیڈول ہے۔ دستے نے اپنے غیر ملکی دورے کے اخراجات کی کفالت پر دی بینک آف پنجاب، لاہور جمخانہ کلب، جے ڈبلیو گروپ، ریوائیو بائی گیٹوریڈ اور جمال پولیمرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

Related Articles


Back to top button