رضا حمید میموریل ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ - خضرا کلب نے فائنل میں جگہ بنا لی
رضا حمید میموریل ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ -
خضرا کلب نے نیو پرنس جمخانہ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی
سنسنی خیز سیمی فائنل میں نیو پرنس جمخانہ کلب کو 10 رنز سے شکست،
معاذ اعوان اور محسن علی کی میچ وننگ کارکردگی
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: رضا حمید میموریل سٹی زون ٹی ٹونٹی کلب کرکٹ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں خضرا کلب نے شاندار آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیو پرنس جمخانہ کلب کو 10 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔شاہ فیصل گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں خضرا کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز کا قابلِ مقابلہ مجموعہ ترتیب دیا۔
معاذ اعوان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ محسن علی نے 60 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
نیو پرنس جمخانہ کلب کی جانب سے ابوبکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میر حمزہ اور علی اکبر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیو پرنس جمخانہ کلب نے بھرپور مزاحمت کی،
تاہم خضرا کلب کے باؤلرز نے دباؤ برقرار رکھتے ہوئے حریف ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز تک محدود رکھا۔ اس طرح خضرا کلب نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
نیو پرنس جمخانہ کلب کی جانب سے ماجد راحیل نے 43 جبکہ ابوبکر نے 27 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
خضرا کلب کی جانب سے ایمان طاہر نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محسن ارشاد اور معاذ اعوان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر محسن علی اور معاذ اعوان کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین خضرا کلب عابد حسین نے دونوں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں کیش پرائز بھی دیا۔
خضرا کلب کی اس کامیابی کے ساتھ ٹیم نے چیمپئن شپ کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے، جہاں وہ ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اترے گی۔