کرکٹ

سنسنی خیز مقابلہ، کرکٹ سینٹر کلب نے خضرا کلب کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے ہرا دیا

سنسنی خیز مقابلہ، کرکٹ سینٹر کلب نے خضرا کلب کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے دی

فیسٹیول میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے عمدہ کھیل کا مظاہرہ، 

نمایاں کارکردگی دکھانے والے تین کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: کرکٹ سینٹر ماڈل ٹاؤن میں کھیلے گئے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز فیسٹیول میچ میں کرکٹ سینٹر کلب نے خضرا کلب کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

 دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ آخری گیند تک دلچسپ مقابلے کی صورت اختیار کیے رہا۔

خضرا کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 35 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ حسن مدثر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز کی اننگز کھیلی، 

جبکہ سعد خان 60، محسن علی 50 اور رانا ارسلان 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کرکٹ سینٹر کی جانب سے حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں کرکٹ سینٹر کلب نے ایک مشکل ہدف کا تعاقب انتہائی حوصلے اور ذمہ داری سے کیا اور آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

 علی ظفر نے ناقابلِ شکست 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ عثمان نے 42 اور انعام نے 26 رنز بنائے۔

 خضرا کلب کی جانب سے احمد اقبال نے 3 جبکہ جہیش علی اور معاذ اعوان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں نمایاں انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے علی ظفر، حسن مدثر اور احمد اقبال کو خضرا کلب کے پیٹرن ریاض احمد کی جانب سے پانچ، پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔

 اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کلب کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے اعتراف کی روایت کو فروغ دینا ہے۔

میچ میں ریاض الدین اور رب نواز نے ایمپائرنگ جبکہ ضیاء الدین نے اسکورنگ کے فرائض انجام دیے۔
اس موقع پر صدر کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن مشہود حسین شیرازی مہمانِ خصوصی تھے۔

 انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی، کھیل کے جذبے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر چیئرمین خضرا کرکٹ کلب عابد حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ کلب کرکٹ کسی بھی مضبوط کرکٹ نظام کی بنیاد ہے۔ 

ایسے دوستانہ اور فیسٹیول میچز نہ صرف کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ باہمی روابط، کھیل کے مثبت ماحول اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کو محض جیت اور ہار تک محدود رکھنے کے بجائے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا مؤثر ذریعہ بنایا جائے۔ 

خضرا کلب مستقبل میں بھی معیاری کلب کرکٹ کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور کھیل کے مثبت کلچر کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

Related Articles


Back to top button