ایچی سن کالج میں ٹینس میلہ اختتام پذیر، بوائز میں ابوبکر اور گرلز میں روبٹسووا چیمپئن
ایچی سن کالج میں ٹینس میلہ اختتام پذیر، بوائز میں ابوبکر اور گرلز میں روبٹسووا چیمپئن
لاہور: ایچی سن کالج میں کھیلے گئے آئی ٹی ایف جے 30 علی ایمبرائڈری ملز انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026 کے اختتام پر پاکستان کے ابوبکر طلحہ اور روس کی واروارا روبٹسووا نے بالترتیب بوائز اور گرلز انڈر 18 کے سنگلز اور ڈبلز کے خطابات اپنے نام کر لیے۔
اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے ساتھ ہی لاہور میں 25 سال کے طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی جونیئر ٹینس کی کامیاب واپسی ہوئی ہے۔
بوائز سنگلز کے فائنل میں ابوبکر طلحہ نے اپنے ہی ملک کے حسن عثمانی کو 7-6 (7-5) اور 6-0 سے شکست دی۔ پہلے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد ابوبکر نے دوسرے سیٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ حسن عثمانی کی یہ پہلی بین الاقوامی جونیئر فائنل تک رسائی تھی،
جو پاکستان میں ابھرتے ہوئے ٹینس ٹیلنٹ کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے علاوہ ابوبکر نے حمزہ رومان کے ساتھ مل کر بوائز ڈبلز کے فائنل میں احتشام ہمایوں اور امیر مزاری کو 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر اپنی فتوحات میں ایک اور اعزاز کا اضافہ کیا۔
گرلز سنگلز کے فائنل میں روس کی واروارا روبٹسووا نے ہم وطن سٹیفنیلا واسیلیوسکیایا کو 6-2 اور 6-2 سے شکست دے کر یہ فتح سمیٹی۔
روبٹسووا نے گرلز ڈبلز میں بھی ایولینا ڈیزیپا کے ساتھ جوڑی بنا کر دائی شی ہو اور بسمہ ضیاء کو 6-0، 6-0 سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی علی ایمبرائڈری ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق زمان تھے۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سابق سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمان،
کرنل (ر) آصف ڈار، ایچی سن کالج کے ڈائریکٹر سپورٹس سجاد رسول، امریکہ سے حیدر اسماعیل، نسیم احمد، سعید حسن سمیت کھلاڑیوں، آفیشلز اور ٹینس سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پی ایل ٹی اے کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ رشید ملک نے تمام اسپانسرز اور اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے ایونٹ کامیاب رہا۔
انہوں نے خاص طور پر طارق زمان اور اعصام الحق قریشی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت کی بدولت لاہور میں انٹرنیشنل جونیئر ٹینس کی بحالی ممکن ہوئی ہے، جو پاکستانی ٹینس کے مستقبل کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔