لاہور ریجن کی دوہری کامیابی، بلوز اور وائٹس انڈر 19 سیمی فائنل میں پہنچ گئیں
لاہور ریجن کی دوہری کامیابی، مستقبل کی روشن امیدیں!
لاہور ریجن بلوز اور وائٹس قومی انڈر 19 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں،
نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ملک عمران بچہ
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: ماڈل ٹاؤن زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک عمران بچہ نے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں لاہور ریجن بلوز اور لاہور ریجن وائٹس کی بیک وقت رسائی کو لاہور کی کرکٹ کے لیےایک شاندار اور قابلِ فخر کامیابی قرار دیتے ہوئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، ٹیم مینجمنٹ اور لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں ملک عمران بچہ نے صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں کی سیمی فائنل تک رسائی اس بات کا واضح ثبوت ہے
کہ لاہور ریجن میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کھلاڑیوں کی مؤثر تربیت کے لیے سنجیدہ اور منظم کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ریجن کا مستقبل انتہائی روشن ہے اور انڈر 19 ٹیموں میں شامل یہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی محنت، صلاحیت اور کھیل کے جذبے نے ثابت کیا ہے کہ لاہور میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف اسے مناسب مواقع، بہتر تربیت اور میرٹ پر آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ہے۔
ملک عمران بچہ نے لاہور ریجن کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر خواجہ ندیم احمد کی قیادت میں ریجنل انتظامیہ، کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ، کوچنگ اسٹاف اور متعلقہ کمیٹیاں جس محنت، منصوبہ بندی اور ذمہ داری کے ساتھ کرکٹ سرگرمیوں کو آگے بڑھا رہی ہیں،
اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ جونیئر کرکٹ کے فروغ، عمر کے مختلف گروپس کے مقابلوں کے انعقاد اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا مستقبل کی مضبوط کرکٹ بنیاد رکھنے کے لیے نہایت اہم اقدامات ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاہور ریجن بلوز اور وائٹس سیمی فائنل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کریں گی اور قومی سطح پر لاہور کا نام مزید روشن کریں گی۔
ملک عمران بچہ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ان نوجوانوں کی کامیابی صرف لاہور ریجن کی خوشی نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔