جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد میں اختتام پذیر
جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد میں اختتام پذیر
2026 پاکستان جونیئر ٹینس کے لیے شاندار سال ثابت ہوا، 16 بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت و میزبانی
پاکستان کے عامر مزاری اور عمر جواد ملک نے بوائز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا
تھائی لینڈ اور قازقستان کے کھلاڑیوں نے سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کر لیے
اسلام آباد: جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026، پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو، اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
چیمپئن شپ کے بوائز ڈبلز فائنل میں پاکستان کے عامر مزاری اور عمر جواد ملک نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستانی جوڑی نے فائنل میں جرمنی کے جیکب لیٹسچ اور سری لنکا کے جین ڈی سارم کو اسٹریٹ سیٹس میں 7-5، 7-5 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کیا۔
بوائز سنگلز فائنل میں تھائی لینڈ کے فاسین سنچالونگ نے پاکستان کے احتشام ہمایوں کو 6-0، 6-3 سے شکست دے کر سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا۔
گرلز سنگلز فائنل میں قازقستان کی ادیما السیپولوا نے اپنی ہم وطن کھلاڑی پولینا سوشکووا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0، 6-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ادیما السیپولوا نے چین کی یوکی لی کے ساتھ مل کر گرلز ڈبلز کا ٹائٹل بھی جیت لیا۔ اس جوڑی نے فائنل میں تھائی لینڈ کی پلویپچ ڈاونگکھیاؤ اور انیاوی پیسارنپانوونگ کو سخت مقابلے کے بعد 6-2، 1-6 (10-5) سے شکست دی۔
چیمپئن شپ میں 16 ممالک کے مجموعی طور پر 55 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں 33 بوائز اور 22 گرلز شامل تھیں۔ شریک ممالک میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان شامل تھے۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور جناب طارق فضل چوہدری تھے، جبکہ صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) جناب اعصام الحق قریشی نے مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس موقع پر صبحِ نو کی چیئرپرسن محترمہ شاہدہ کوثر فاروق اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل بھی موجود تھے، جنہوں نے مہمانانِ خصوصی کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں اور رنرز اپ میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین جناب طارق محمود مرتضیٰ، پی ٹی ایف کے سینئر نائب صدر جناب سعید احمد خان، ڈائریکٹر پی ٹی ایف کرنل گل رحمان اور سیکریٹری اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن جناب طفیل چیمہ نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں ٹینس کھلاڑیوں، میڈیا نمائندگان، کوچز، والدین اور ٹینس کے شائقین بھی موجود تھے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اس بین الاقوامی جونیئر چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے اپنے اسپانسرز صبحِ نو، پارک ویو سٹی، دیوان سیمنٹ، بینک الفلاح اور او جی ڈی سی ایل کی قابلِ قدر معاونت کو سراہا۔
فائنل مقابلوں کے نتائج
بوائز سنگلز: فاسین سنچالونگ (تھائی لینڈ) نے احتشام ہمایوں (پاکستان) کو 6-0، 6-3 سے شکست دی۔
گرلز سنگلز: ادیما السیپولوا (قازقستان) نے پولینا سوشکووا (قازقستان) کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔
بوائز ڈبلز: عامر مزاری / عمر جواد ملک (پاکستان) نے جیکب لیٹسچ (جرمنی) / جین ڈی سارم (سری لنکا) کو 7-5، 7-5 سے شکست دی۔
گرلز ڈبلز: ادیما السیپولوا (قازقستان) / یوکی لی (چین) نے پلویپچ ڈاونگکھیاؤ / انیاوی پیسارنپانوونگ (تھائی لینڈ) کو 6-2، 1-6 (10-5) سے شکست دی۔
پاکستان جونیئر ٹینس کے لیے 2026 ایک شاندار اور کامیاب سال رہا
یہ ٹورنامنٹ سال 2026 کے دوران پاکستان میں منعقد ہونے والے ورلڈ ٹینس جونیئر ٹور کے آخری ایونٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ مجموعی طور پر 2026 پاکستان جونیئر ٹینس کے لیے ایک غیر معمولی اور کامیاب سال ثابت ہوا۔
سال 2026 کے دوران پاکستان نے ورلڈ ٹینس جونیئر ٹور کے 7 ٹورنامنٹس کی میزبانی کی، جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بیرونِ ملک 9 بین الاقوامی جونیئر ٹورنامنٹس میں حصہ لیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 16 بین الاقوامی جونیئر ٹورنامنٹس میں شرکت اور میزبانی کی گئی۔
پاکستان میں نمایاں نتائج:
اپریل 2026 - اسلام آباد: میکائیل علی بیگ نے لیگ 1 اور لیگ 2 کے سنگلز ٹائٹلز جیتے، ابوبکر طلحہ نے لیگ 3 کا سنگلز ٹائٹل جیتا۔
اکتوبر تا نومبر 2026 - لاہور و اسلام آباد:
لاہور لیگ 1 میں ابوبکر طلحہ نے سنگلز اور ڈبلز (حمزہ رومان کے ساتھ) ٹائٹل جیتا۔ اسلام آباد لیگ 2 میں حسن عثمانی / حذیق عاصم ڈبلز چیمپئن بنے، لیگ 3 میں احتشام ہمایوں / حمزہ رومان ڈبلز چیمپئن بنے، جبکہ لیگ 4 میں عامر مزاری / عمر جواد ملک ڈبلز چیمپئن بنے اور احتشام ہمایوں سنگلز رنر اپ رہے۔
بیرون ملک نمایاں کامیابیاں:
نیروبی، کینیا: حمزہ رومان نے پہلے ہفتے سنگلز رنر اپ، دوسرے ہفتے سنگلز و ڈبلز سیمی فائنل اور تیسرے ہفتے ابوبکر طلحہ کے ساتھ آئی ٹی ایف جے 60 ڈبلز ٹائٹل جیتا۔
گوئٹے مالا اور جمیکا: میکائیل علی بیگ نے گوئٹے مالا میں آئی ٹی ایف جے 60 سنگلز فائنل تک رسائی حاصل کی، جبکہ جمیکا میں آئی ٹی ایف جے 30 میں سنگلز اور ڈبلز دونوں ٹائٹلز جیتے۔
دوشنبے، تاجکستان: عامر مزاری / حسن عثمانی آئی ٹی ایف جونیئر ڈبلز فائنلسٹ رہے۔
تیونس: احتشام ہمایوں لیگ 1 میں جے 30 ڈبلز فائنلسٹ اور لیگ 2 میں جے 30 ڈبلز چیمپئن بنے۔
میکی، جاپان: میکائیل علی بیگ نے آئی ٹی ایف جے 100 ڈبلز ٹائٹل جیتا۔