Games
لاہور پولو کلب کے زیراہتمام الائیڈ بینک 97 واں پنجاب پولو کپ شروع ہوگیا
لاہور پولو کلب کے زیراہتمام الائیڈ بینک 97 واں پنجاب پولو کپ شروع ہوگیا۔
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) اس بات کا اعلان لاہور پولو کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون نے الائیڈ بینک لمیٹڈ کے گروپ ہیڈ مارکیٹنگ اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشن سید نبیل احمد، اسامہ بن نصیر گروپ ہیڈ بی ایس جی، حسنین رضا مرزا گروپ ہیڈ سی آر بی جی، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر فیروز گلزار، سینئر ممبر کلب آغا نجیب رضا، سیکرٹری میجر امجد غفور (ر)اور دیگر کے ہمراہ کیا۔ الائیڈ بینک نے لاہور پولو کلب کے دو بڑے ہائی گول ایونٹس پنجاب کپ اور نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ کو سپانسر کیا ہے۔ اعظم حیات نون نے بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے پرا نا سپورٹس ایونٹ ہے جو 141 سال سے لاہور پولو کلب میں ہو رہا ہے اور یہ اس کا 97 واں اور دوسرا نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ کا یہ 57 ایڈیشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولو کلب نے تاریخی ورثہ اور لاہور کی ثقافت کو اپنے پاس محفوظ رکھا ہے اتنے پرانی ٹرافی اور کسی سپورٹس میں پاکستان میں موجود نہیں۔ صدر کلب کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں چار ٹیمیں شامل ہیں جن میں بی این پولو، ڈائمنڈ پینٹس/ماسٹر پینٹس، ایف جی اور لاہور پولو کلب کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی بھی شریک ہیں۔ غیرملکی کھلاڑیوں میں ایران، ارجنٹائن کے کھلاڑی پاکستان میں کھیل رہے ہیں۔ گروپ ہیڈ مارکیٹنگ اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشن الائیڈ بینک سید نبیل احمد کا کہنا تھا کہ الائیڈ بینک کھیلوں کی قد رکرتا ہے اور اس سال بینک نے کافی کھیلوں میں اپنا سرمایہ انویسٹ کیا ہے تاکہ ایک اچھے معاشرے میں الائیڈ بینک اپنا حصہ ڈال سکے۔ بادشاہوں کے کھیل پولوکو پہلے بھی سپورٹ کیا ہے اور بینک آگے بھی سپورٹ کرے گی۔ کلب ممبر آغا نجیب رضا نے الائیڈ بینک کی مینجمنٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پولو کی سرپرستی کی۔ علاوہ ازیں ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہی انتہائی دلچسپ رہا جس میں ڈائمنڈ پینٹس/ماسٹر پینٹس نے زبردست مقابلے کے بعد اختتامی لمحات میں بی این پولو کو 6-5 سے ہرا دیا۔ ڈائمنڈ پینٹس /ماسٹر پینٹس عامر رضٗا بہبودی نے چار، فاکولارتمارا اور میر حذیفہ احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ بی این پولو کی طرف سے حمزہ مواز خان نے تین اور ٹی ٹو رئیوز نے دو گول سکور کیے۔ آج بروز بدھ ایف جی پولو کا مقابلہ لاہور پولو کلب کی ٹیم سے ہوگا۔