مارخور آئی ٹی سلوشنز نے پاکستان کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی!
مارخور آئی ٹی سلوشنز نے پاکستان کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی!
فرسٹ کلاس ڈیبیو سیزن میں ہی پریذیڈنٹ ٹرافی کا چیمپئن بننے کا اعزاز
رپورٹ : جاوید خان
گزشتہ سیزن گریڈ ٹو کا ٹائٹل جیت کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں جگہ بنانے والی مارخور آئی ٹی سلوشنز کے بارے میں شاید ہی کسی نے سوچا ہوگا کہ یہ نوخیز ٹیم اپنے پہلے ہی سیزن میں پریذیڈنٹ ٹرافی کی چیمپئن بن جائے گی۔
لیکن کرکٹ میں امکانات ہمیشہ موجود رہتے ہیں، اور مارخور آئی ٹی سلوشنز نے انہی امکانات کو ایک ناقابلِ یقین کامیابی میں بدل دیا۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ تک مارخور آئی ٹی سلوشنز چھٹی پوزیشن پر موجود تھی۔ آخری راؤنڈ میں شکست اسے دوبارہ گریڈ ٹو میں دھکیل سکتی تھی،
جبکہ کامیابی فائنل تک رسائی کا راستہ کھول سکتی تھی۔ ایسے نازک مرحلے پر ٹیم نے نہ صرف دس وکٹوں سے فتح حاصل کی بلکہ اپنے پہلے ہی فرسٹ کلاس سیزن میں فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
باغ جناح کے تاریخی میدان پر اسٹیٹ بینک جیسی مضبوط اور تجربہ کار ٹیم کو شکست دے کر مارخور آئی ٹی سلوشنز نے وہ کارنامہ انجام دیا جس کی توقع شاید خود اس کے حامیوں نے بھی نہیں کی ہوگی۔
مارخور آئی ٹی سلوشنز کا سفر آسان نہیں تھا۔ گریڈ ٹو کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا کپتان اس سیزن میں اس کے ساتھ نہیں تھا، جبکہ ٹیم کا واحد ٹیسٹ کرکٹر بھی گریڈ ون میں ایک بڑے ڈپارٹمنٹ کا حصہ بن چکا تھا۔
ٹورنامنٹ کے دوران تجربہ کار آل راؤنڈر خالد عثمان کی آمد نے ٹیم کو نئی توانائی اور استحکام فراہم کیا۔ خالد عثمان کی قیادت میں گزشتہ سیزن واپڈا نے بھی پریذیڈنٹ ٹرافی کا ٹائٹل جیتا تھا اور اس مرتبہ انہوں نے مارخور آئی ٹی سلوشنز کو بھی چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نوجوان اور نسبتاً کم معروف کھلاڑیوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا اور ثابت کیا کہ بڑے ناموں کے بغیر بھی بڑی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔
ٹیم کے واحد ٹیسٹ کرکٹر عامر جمال کا کردار بھی انتہائی اہم رہا، جو دورانِ ٹورنامنٹ مارخور آئی ٹی سلوشنز کا حصہ بنے۔ فائنل میں ان کی تباہ کن بولنگ نے اسٹیٹ بینک کی مضبوط بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا اور ٹیم کی تاریخی فتح کی راہ ہموار کی۔
کھلاڑیوں اور کپتان کے ساتھ ہیڈ کوچ عنصر جاوید کی محنت اور کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر کی کوچنگ میں مارخور آئی ٹی سلوشنز نے گزشتہ سیزن گریڈ ٹو کا ٹائٹل جیتا
اور اب فرسٹ کلاس کرکٹ میں قدم رکھتے ہی پریذیڈنٹ ٹرافی بھی اپنے نام کرلی۔ کسی بھی ٹیم کیلئے مسلسل دو سیزنز میں دو مختلف سطحوں پر چیمپئن بننا یقیناً ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔
مارخور آئی ٹی سلوشنز کی اس نوخیز اور نسبتاً کم تجربہ کار ٹیم نے نہ صرف پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کی بلکہ یہ بھی ثابت کردیا کہ جیت کسی کی میراث نہیں ہوتی اور محدود تجربہ بڑے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتا۔