ہمل پنکٹوبر رن کل بیک وقت کراچی، لاہور، اسلام آباد میں منعقد ہوگی ، ہزاروں افراد کی شرکت متوقع
کراچی : بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی اور اس مقصد کے لیے فنڈ ریزنگ کی کوششوں کو سپورٹ کے لیے ہمل پنکٹوبر رن ہفتہ 31 اکتوبر کو بیک وقت تین شہروں، کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں منعقد ہوگی،
جس میں ہزاروں رنرز اور سائیکلنگ کے شوقین افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ایونٹ کا انعقاد اسپورٹس اِن پاکستان کر رہا ہے۔
ایونٹ میں مختلف کیٹیگریز شامل ہوں گی، جن میں 5 کلومیٹر رن، 10 کلومیٹر رن اور 20 کلومیٹر سائیکلنگ شامل ہیں، جبکہ کراچی ڈسٹنس سیریز کے شرکاء کے لیے خصوصی 30 کلومیٹر رن بھی منعقد کی جائے گی۔
تین شہروں میں بیک وقت ہونے والی اس سرگرمی کا مقصد کھیلوں کے ذریعے لوگوں کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے اکٹھا کرنا، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانا ہے۔
پنکٹوبر کے موقع پر منعقد ہونے والی اس رن کے ذریعے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، جلد تشخیص کی اہمیت اور بروقت طبی مشورے کے حصول کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ایونٹ کا مقصد اس مقصد کے لیے فنڈ ریزنگ کی کوششوں کا ساتھ دینا اور متاثرہ افراد و خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی ہے۔
اسپورٹس اِن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شعیب نظامی نے ایونٹ کے حوالے سے کہا:
”دوڑ صرف فاصلہ طے کرنے یا فنش لائن تک پہنچنے کا نام نہیں، بلکہ یہ لوگوں کو ایک مثبت مقصد کے لیے متحد کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ ہمل پنکٹوبر رن کے ذریعے ہم اپنی کمیونٹی کی اجتماعی توانائی کو ایک بامقصد سرگرمی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
اس ایونٹ میں شریک ہر فرد بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے اہم پیغام کو آگے بڑھانے اور اس کاز کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرے گا۔“
شعیب نظامی نے مزید کہا:
”پنکٹوبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آگاہی، جلد تشخیص اور بروقت طبی مشورہ کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اس اقدام کے ذریعے بریسٹ کینسر کے حوالے سے گفتگو کو فروغ دیا جائے،
متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دیا جائے اور یہ دکھایا جائے کہ کھیلوں سے وابستہ کمیونٹیز معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
چاہے کوئی 5 کلومیٹر دوڑے، 10 کلومیٹر رن میں حصہ لے، سائیکلنگ کرے یا کراچی ڈسٹنس سیریز کی 30 کلومیٹر رن میں شریک ہو، ہر قدم اہم ہے۔“
ہمل پنکٹوبر رن میں مختلف شہروں سے رنرز، سائیکلسٹس، فٹنس کمیونٹیز اور دیگر شرکاء کی شرکت متوقع ہے، جو ایک مشترکہ مقصد کے تحت آگاہی اور فنڈ ریزنگ کی حمایت کے لیے میدان میں اتریں گے۔
اسپورٹس اِن پاکستان کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیاں محض مقابلے تک محدود نہیں بلکہ صحت مند معاشرے کے فروغ، کمیونٹی کو مضبوط بنانے اور سماجی مقاصد کی حمایت کا مؤثر ذریعہ بھی بن سکتی ہیں۔