Games

محدود وسائل میں بڑا خواب — اریب خان کا ٹیبل ٹینس میں پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم

اریب خان کی کامیابیوں کا اغاز ڈسٹرکٹ سے کیا اور آہستہ آہستہ جونیئر نیشنل چیمپئن سے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام میں گولڈ اور نیشنل گیمز میں کانسی کا میڈل حاصل کیا،

سات قومی اعزازات حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑی کی نظریں اب بین الاقوامی مقابلوں پر مرکوز، پاکستان کی نمائندگی اور ملک کے لیے اعزازات جیتنا بڑی آرزو ہے

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹر) کھیلوں کی دنیا میں بڑے نام ہمیشہ بڑے میدانوں سے جنم نہیں لیتے، بلکہ بعض اوقات محدود وسائل، غیر معمولی شوق اور مسلسل محنت کے سہارے چھوٹی سی شروعات کرنے والے نوجوان اپنی صلاحیتوں سے قومی سطح پر اپنی الگ پہچان بنا لیتے ہیں۔ 

ایسے ہی باصلاحیت نوجوانوں میں پشاور سے تعلق رکھنے والے ٹیبل ٹینس کھلاڑی اریب خان بھی شامل ہیں، جنہوں نے کم عمری ہی میں اپنی خداداد صلاحیتوں، کھیل سے غیر معمولی لگن اور مسلسل محنت کے ذریعے قومی ٹیبل ٹینس میں نمایاں مقام حاصل کرکے اپنے شہر اور صوبے کا نام روشن کیا ہے۔

اریب خان کا کھیلوں کا سفر ضلعی سطح کے مقابلوں سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے کامیابیوں کا سلسلہ آگے بڑھایا۔ 

ابتدائی مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے کے بعد ان کی نظریں قومی سطح کے مقابلوں پر مرکوز ہوگئیں، جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے متعدد اہم اعزازات اپنے نام کیے۔

اریب خان کی اب تک کی نمایاں کامیابیوں میں انڈر 15 جونیئر نیشنل چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنا ایک اہم سنگ میل ہے، جبکہ انڈر 15 ماسٹر کپ چیمپئن بن کر بھی انہوں نے اپنی برتری ثابت کی۔ اسی طرح انڈر 19 مقابلوں میں ڈبل سلور میڈلز حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

ان کی کامیابیوں کا سلسلہ یہیں تک محدود نہیں رہا، بلکہ نیشنل گیمز میں کانسی کا تمغہ، ایک اور قومی مقابلے میں کانسی کا تمغہ، قائداعظم گیمز میں سلور میڈل اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے قومی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرکے انہوں نے اپنی کامیابیوں کے ریکارڈ میں مزید اضافہ کیا۔

ان اعزازات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اریب خان نے مختلف عمر کے گروپس اور قومی سطح کے مقابلوں میں اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔ بالخصوص جونیئر سطح پر چیمپئن بننے کے بعد انڈر 19 اور قومی سطح کے مقابلوں میں میڈلز حاصل کرنا ان کے کھیل میں بہتری اور آگے بڑھنے کے عزم کا مظہر ہے۔

اریب خان کی نظریں اب قومی مقابلوں سے آگے بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے پر مرکوز ہیں، جس کے لیے انہوں نے بھرپور تیاریاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔

 ایک ملاقات کے دوران اریب خان کا کہنا تھا کہ ٹیبل ٹینس ان کا پسندیدہ کھیل ہے اور اسی کھیل میں آگے بڑھنا ان کی زندگی کی بڑی آرزو ہے۔ ان کے مطابق قومی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں نے ان کے حوصلے مزید بلند کیے ہیں اور اب وہ بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی اور ملک کے لیے اعزازات حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ مسلسل محنت اور اپنی کھیل کی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔

اریب خان جیسے نوجوان کھلاڑی دراصل پشاور اور خیبرپختونخوا میں موجود کھیلوں کے روشن مستقبل کی علامت ہیں۔ 

ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو جدید تربیتی سہولیات، معیاری کوچنگ، بین الاقوامی معیار کے تربیتی مواقع اور قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی صلاحیتیں مزید نکھر سکیں۔

اگر اریب خان کی محنت اور کامیابیوں کے سفر کو مناسب سرپرستی اور مسلسل مواقع میسر آئیں تو وہ مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

سات قومی اعزازات حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑی کی نظریں اب بین الاقوامی مقابلوں پر مرکوز، پاکستان کی نمائندگی اور ملک کے لیے اعزازات جیتنا بڑی آرزو ہے،

Related Articles


Back to top button