یونیورسٹی آف لاہور اور آئی بی اے کراچی ایچ ای سی آرچری چیمپئن شپ کے مشترکہ چیمپئن بن گئے
یونیورسٹی آف لاہور اور آئی بی اے کراچی مشترکہ چیمپئن قرار
پنجاب یونیورسٹی نے دوسری جبکہ یو ایم ٹی لاہور نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے زیر اہتمام 11ویں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی آرچری چیمپئن شپ (مرد) 2026-27 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
پی اے ایف آئی اے ایس ٹی میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں یونیورسٹی آف لاہور اور آئی بی اے کراچی کے درمیان مقابلہ برابر رہا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دے دیا گیا۔
چیمپئن شپ میں پنجاب یونیورسٹی نے دوسری جبکہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ میں ملک بھر کی جامعات کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پی اے ایف آئی اے ایس ٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد تھے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ایچ ای سی رضوان شوکت اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس ایچ ای سی آصف نے بطور مہمانان اعزاز شرکت کی۔
اس موقع پر منتظمین نے ایچ ای سی، بالخصوص ڈی جی سپورٹس رضوان شوکت اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پی اے ایف آئی اے ایس ٹی پر اس اہم قومی سطح کے ایونٹ کے انعقاد کے لیے اعتماد کا اظہار کیا۔
چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں سپورٹس آفیسر و آرگنائزنگ سیکرٹری خورشید احمد نے اہم کردار ادا کیا۔ منتظمین نے مستقبل میں بھی مزید قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے عزم کا اظہار کیا۔