کرکٹ

محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان 19 اکتوبر سے پریذیڈنٹ ٹرافی میں سوئی ناردرن گیس کی قیادت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے اور وہ 19 اکتوبر کو کے آر ایل کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ نجی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئی ناردرن گیس کے ڈائریکٹر کرکٹ اور سابق ڈائریکٹر پی سی بی محمد حفیظ نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ محمد حفیظ کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک، اسامہ شیرون نیازی کی جانب سے انہیں اس حوالے سے باضابطہ ای میل موصول ہوچکی ہے۔ اس سے پہلے رضوان ان 7 کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست 2026 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد وطن واپس بلایا گیا تھا اور پھر NCCIA میں انکوائری اور ڈومیسٹک پر پابندی لگ گئی تھی۔ 11 ستمبر کو انہیں فٹنس ٹیسٹ نہ دینے کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا تھا، لیکن اب اصل وجہ انکوائری بتائی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق رضوان نے خود بورڈ سے درخواست کی تھی کہ وہ کسی نئی محاذ آرائی کے بجائے اپنی توجہ کرکٹ پر رکھنا چاہتے ہیں، جس کے بعد بورڈ نے اجازت دے دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق محمد رضوان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات بہتر بنانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ رضوان بھی کسی مزید محاذ آرائی کے بجائے اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے پی سی بی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت طلب کی تھی جس کے بعد اب وہ پریذیڈنٹ ٹرافی میں سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

Related Articles


Back to top button