ویرات کوہلی کی تاریخی اننگز، ون ڈے کرکٹ میں نیا ورلڈ ریکارڈ قائم
کنگ کوہلی کا ایک اور اعزاز، ون ڈے میں نمبر 3 پر 13 ہزار رنز کا سنگ میل عبور
ویب ڈیسک: بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں کوہلی کو اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے صرف 12 رنز درکار تھے، جو انہوں نے اننگز کی 13ویں گیند پر مکمل کر لیے۔ انہوں نے یہ کارنامہ محض 251 اننگز میں انجام دیا۔
نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے کوہلی کی اوسط 61.55 ہے۔ اس پوزیشن پر وہ 48 سنچریاں اور تقریباً 70 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
اس فہرست میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 12 ہزار 662 رنز کے ساتھ دوسرے، سری لنکا کے کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقا کے جیک کیلس 7 ہزار 774 رنز کے ساتھ چوتھے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 6 ہزار 504 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے بابر اعظم 6 ہزار 54 رنز جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ 5 ہزار 525 رنز کے ساتھ اس فہرست میں کوہلی سے کافی پیچھے ہیں۔
کوہلی کی 2026ء میں بھی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ نیوزی لینڈ سیریز سے قبل وہ 9 اننگز میں 552 رنز بنا چکے تھے، جن میں 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔