پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز پر بات چیت جاری، شیڈول جلد متوقع
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز پر بات چیت جاری، شیڈول جلد فائنل ہوگا
اسلام آباد(نوازگوھر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈز کے درمیان آئندہ ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے باضابطہ بات چیت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں بورڈز سیریز کے شیڈول اور وینیوز پر مشاورت کر رہے ہیں۔
حتمی مشاورت کے بعد سیریز کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی جس میں دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے فروری اور مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک اور دونوں ٹیموں کی مصروفیات کو سامنے رکھ کر شیڈولنگ کی جا رہی ہے۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز 16 فروری کو ہیملٹن میں ختم ہو گی۔
جبکہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 18 مارچ سے ہو گا اور 15 مارچ سے ٹیموں کی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ اس صورتحال میں پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز کا کم از کم ایک ٹیسٹ رمضان المبارک میں ہونے کا امکان ہے۔
کیا صرف ٹیسٹ ہوں گے؟ نیا ٹوئسٹ ; پی سی بی نے نیوزی لینڈ کو صرف 2 ٹیسٹ کے ساتھ ایک مختصر ون ڈے سیریز کی بھی پیشکش کی ہے۔
مقصد 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری ہے جو ساؤتھ افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ سے پہلے زیادہ سے زیادہ ون ڈے میچز کھیلنا چاہتی ہیں۔
دوسری طرف نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ سے پہلے 3 روزہ وارم اپ میچ کھیلنے کی بھی خواہش ظاہر کی ہے۔
پس منظر ; پاکستان اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مشکلات کا شکار ہے، جبکہ نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر ہے۔ یہ سیریز پاکستان کے لیے ڈبلیو ٹی سی سائیکل کی آخری سیریز ہوگی۔ اس سے پہلے پاکستان نے نومبر میں سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں۔
باضابطہ اعلان کب ہوگا؟ ذرائع کا کہنا ہے کہ وینیوز اور تاریخوں پر حتمی مشاورت جاری ہے۔ جیسے ہی دونوں بورڈز متفق ہو جائیں گے، پی سی بی باضابطہ طور پر شیڈول کا اعلان کر دے گا۔