Games

پشاور سپورٹس فیسٹیول کا حیات آباد میں آغاز، 500 سے زائد کھلاڑی شریک

پشاور سپورٹس فیسٹیول کا حیات آباد میں آغاز، 500 سے زائد کھلاڑی شریک

12 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، سکولوں کی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان 

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹر): پشاور سپورٹس فیسٹیول 2026 کا باقاعدہ آغاز حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہوگیا، 

جس میں پشاور سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد کھلاڑی 12 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ پشاور اور چارسدہ کی ٹیموں کے درمیان کبڈی کا مقابلہ بھی منعقد ہوگا۔

فیسٹیول کا افتتاح مشیر برائے سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر سرفراز علی نے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس آصف خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس واصل خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی،

 ڈائریکٹرایڈمنسٹریٹر، نعمت اللہ مروت، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ،ڈپٹی ڈائریکٹرنازیہ ذکی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد،ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس عابد آفریدی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاﺅنٹس شاہ فیصل سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال، کبڈی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ، فل کنٹیکٹ کراٹے، موئے تھائی، سکواش، 50 میٹر ریس، رسہ کشی اور وہیل چیئر ریس کے مقابلے شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب میں مارشل آرٹس کے کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرے پیش کیے، جنہیں شرکاءنے خوب سراہا۔

اس موقع پر مشیر برائے کھیل ڈاکٹر سرفراز علی نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کھیلوں کی ترقی کے لیے شبانہ روز کوشاں ہے، جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

سیکرٹری سپورٹس آصف خان نے کہا کہ صوبے میں تحصیل اور ضلعی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر مزید کوچز بھی بھرتی کیے جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ سکولوں کی سطح پر کھیلوں کا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لیے مختلف کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیے جائیں گے، جن کے ذریعے انڈر 16 اور انڈر 19 کیٹیگریز میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کی جانب سے پشاور میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے انعقاد کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Related Articles


Back to top button