پاکستان کا فاتحانہ اختتام - ہانگ کانگ سپر سکسز میں پلیٹ چیمپئن بن گیا
پاکستان کا فاتحانہ اختتام - ہانگ کانگ سپر سکسز میں پلیٹ چیمپئن بن گیا
پاکستان نے ہانگ کانگ سپر سکسز 2026 کے پلیٹ فائنل میں عمان کو 18 رنز سے شکست دے کر پلیٹ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ اوورز میں 154 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا،
جس میں کپتان عباس آفریدی کی صرف 16 گیندوں پر 73 رنز کی دھواں دار اننگز نمایاں رہی۔
عمان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 136 رنز تک محدود رہی۔ تاہم پاکستان ایونٹ میں اپنے مرکزی ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہا اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
ہانگ کانگ سپر سکسز 2026 میں پاکستان نے پلیٹ فائنل میں عمان کو 18 رنز سے شکست دے کر دوسری درجے کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں گرین شرٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ چھ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 73 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور 11 چھکے شامل تھے۔
وہ ریٹائرڈ ہوکر واپس چلے گئے، تاہم آخری اوور میں دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے۔عبدالصمد نے صرف پانچ گیندوں پر 26 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے،
جبکہ احمد دانیال نے بھی پانچ گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 25 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ محمد شہزاد نے چار گیندوں پر 13 رنز بنائے،
جبکہ خواجہ نافع سات رنز بنا کر نمایاں رہے۔155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ چھ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی۔
عمان کی جانب سے عثمان علی نے صرف 17 گیندوں پر 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے، جبکہ ذوہیب امانت نے 18 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔
تاہم دونوں بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ بھی عمان کو فتح نہ دلا سکی اور پاکستان نے 18 رنز سے مقابلہ جیت کر پلیٹ ٹرافی اپنے نام کرلی۔
واضح رہے کہ چھ مرتبہ ہانگ کانگ سپر سکسز کا ٹائٹل جیتنے والی پاکستانی ٹیم اس بار اپنے مرکزی اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔
گرین شرٹس نے ایونٹ کا آغاز گروپ سی کے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں شکست سے کیا تھا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 106 رنز بنائے، تاہم یو اے ای نے کپتان خالد شاہ کی 71 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔
دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر شاندار کم بیک کیا۔
بھارت نے چھ اوورز میں 88 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان نے خواجہ نافع کے 41 اور عباس آفریدی کے ناقابلِ شکست 35 رنز کی بدولت صرف 3.5 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔
تاہم گروپ سی کے ایک اور مقابلے میں یو اے ای نے بھارت کو شکست دے کر مین ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرلیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو پلیٹ مقابلوں میں جانا پڑا۔
پلیٹ چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ میزبان ہانگ کانگ سے ہوا، جہاں گرین شرٹس نے 107 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔
کپتان عباس آفریدی نے صرف 13 گیندوں پر ناقابلِ شکست 55 رنز بنا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔یوں پاکستان نے پلیٹ ٹائٹل جیت کر ایونٹ کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا،
تاہم مرکزی ٹرافی کا دفاع نہ کر پانا اور پانچویں پوزیشن پر اکتفا کرنا چھ مرتبہ کے چیمپیئن گرین شرٹس کے لیے ایک بڑا دھچکا رہا۔