پی سی بی کا بڑا فیصلہ - 2 سالہ پابندی 2 ماہ میں ختم، حمزہ نذر بحال
معافی مانگنے پر پی سی بی مہربان، حمزہ نذر قائداعظم ٹرافی میں ان ایکشن
ویزا درخواست میں غلط معلومات دینے پر 2 سال کی پابندی کا سامنا کرنے والے آل راؤنڈر حمزہ نذر کے لیے بڑی خوشخبری، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صرف 2 ماہ بعد ہی ان کی پابندی ختم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے 6 اگست کو حمزہ نذر پر 2 سالہ پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ الزام تھا کہ انہوں نے ویزا اپلائی کرتے ہوئے مکمل معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن تفصیلات دیں اور اہم حقائق چھپائے۔ اس کے لیے پی سی بی نے 3 رکنی انکوائری کمیٹی بھی بنائی تھی۔
حمزہ نذر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے قومی ٹیم میں شمولیت کے مضبوط امیدوار تھے، لیکن اس تنازع کی وجہ سے وہ سلیکشن سے باہر ہو گئے تھے
ذرائع کے مطابق بعد میں حمزہ نذر نے بورڈ سے رابطہ کیا، اپنی غلطی تسلیم کی، معافی مانگی اور اپیل کی کہ کرکٹ ان کا ذریعہ معاش ہے انہیں کھیلنے کا موقع دیا جائے۔
پی سی بی نے ان کی اپیل قبول کرتے ہوئے پابندی ختم کر دی اور انہیں آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ حمزہ نذر کو اب سیالکوٹ کی ٹیم میں قائداعظم ٹرافی کے لیے شامل کر لیا گیا ہے اور وہ اس وقت لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ بھی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے 6 اگست کو حمزہ نذر پر دو سال کے لیے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔ اس کے علاوہ انہیں 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔
27 سالہ حمزہ نذر اب تک 16 فرسٹ کلاس میچز میں 748 رنز بنانے کے ساتھ 26 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔