کرکٹ

کراچی : زون چھ کی کرکٹ میں کامیابیوں کا سفر جاری، فاتح ٹیموں کے اعزاز میں پروقار عشائیہ

زون چھ کی کرکٹ میں کامیابیوں کا سفر جاری، فاتح ٹیموں کے اعزاز میں پروقار عشائیہ

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون چھ نے ایک مرتبہ پھر اپنی شاندار کرکٹ روایات اور کامیابیوں کو برقرار رکھتے ہوئے سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ اور ووڈورڈ ٹرافی انڈر 17 کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیموں کے اعزاز میں پروقار عشائیے کا اہتمام کیا۔

 اس موقع پر کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات، آر سی اے کراچی کے عہدیداران، ٹیسٹ کرکٹر سعود شکیل، کلب عہدیداران اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی علی حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ زون چھ کا پاکستان کی کرکٹ میں ایک نمایاں مقام ہے۔ اس زون نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو کئی نامور اور باصلاحیت کرکٹرز فراہم کیے ہیں۔ 

زون چھ کراچی ریجن کا چیمپئن زون ہے اور اس کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہاں کرکٹ کا معیار، ٹیلنٹ اور کھیل سے وابستگی قابلِ فخر ہے۔ 

انہوں نے فاتح ٹیموں کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی خالد نفیس نے کہا کہ زون چھ کے کھلاڑیوں کا ڈسپلن مثالی ہے۔ کھلاڑی اپنی محنت، لگن اور عمدہ کارکردگی سے مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور شہر و ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

 زون چھ نے کرکٹ کے میدان میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ دوسرے زونز کو بھی چاہیے کہ وہ کرکٹ میں زون چھ کی کارکردگی اور معیار کا مقابلہ کریں۔

جوائنٹ سیکریٹری ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی محمد توصیف صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماشاء اللہ زون چھ کے کلبز اور ٹیمیں مختلف ٹورنامنٹس میں کامیابیاں حاصل کرکے اپنے زون کا نام روشن کر رہی ہیں۔ 

ان کامیابیوں کے پیچھے کھلاڑیوں کی محنت اور کارکردگی کے ساتھ انتظامی سطح پر بھی بھرپور کاوشیں شامل ہیں۔ خصوصاً اعظم خان کا زون چھ کی کرکٹ کی ترقی، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کامیابیوں میں انتہائی اہم کردار ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اس موقع پر نائب صدر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی محمد عمران خان، صدر زون چار سید مسرت رضا، صدر زون چھ صائم احمد اور سیکریٹری آر سی اے کراچی زون پانچ محمد سعید جبار نے بھی خطاب کیا۔

 مقررین نے زون چھ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کلب کرکٹ سے لے کر انٹر ڈسٹرکٹ اور انڈر 17 سطح تک ٹیموں کی کامیابیاں زون میں کرکٹ کی مضبوط بنیاد اور بہترین ٹیلنٹ کی عکاسی کرتی ہیں۔ 

انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی محنت، نظم و ضبط اور عمدہ کھیل کے ذریعے مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش جاری رکھیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی علی حسین نے ووڈورڈ ٹرافی انڈر 17 کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں ان کی کامیابی کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔ 

اس موقع پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور فاتح ٹیموں کی کامیابیوں کو زون چھ کے لیے ایک قابلِ فخر اعزاز قرار دیا گیا۔

تقریب میں اسسٹنٹ سیکریٹری ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی محمد ریحان صدیقی، پاکستان ٹیسٹ کرکٹر سعود شکیل، خازن زون پانچ عمران انجم شیخ، نائب صدر زون چار ایس ایم عاصم ظہور،

 جوائنٹ سیکریٹری زون چار خالد عباسی، جوائنٹ سیکریٹری زون پانچ شہباز قریشی، سیکریٹری زون تین ضامن علی،ایس اے فہیم سابق سکریٹری زون سات ،نویدالامین، اعجاز پچی، کھلاڑیوں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

Related Articles


Back to top button