18 سالہ انتظار کیوں؟ کبھی فائنل تک نہ پہنچے، کبھی فائنل ہار گئے -
پاکستان کو ون ڈے ٹائٹل جیتنے کے لیے 18 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا!
اسلام آباد(نوازگوھر) پاکستان نے بالآخر 18 سال کا طویل انتظار ختم کر دیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فخر زمان کی شاندار سنچری نے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے صرف 99 گیندوں پر 127 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ یہ فخر زمان کی 12 ویں ون ڈے سنچری تھی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 325 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا، جسے پاکستان نے 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔
یہ ون ڈے فائنل کی تاریخ کا سب سے بڑا کامیاب تعاقب ہے، جو اس سے قبل 2002 میں بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 326 رنز کا تعاقب کر کے بنایا تھا۔
شروعات میں پاکستان کی حالت خراب تھی جب ماز صداقت 5 اور بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہو گئے، اس وقت اسکور صرف 14 رنز تھا۔ اس مشکل وقت میں فخر زمان اور سعد بیگ نے 149 رنز کی شراکت قائم کی۔
فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد عرفات منہاس نے 61 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر حسن نواز کے ساتھ 94 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جیت کا چھکا لگا کر پورے اسٹیڈیم کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کر دیا۔
یہ فتح کئی حوالوں سے تاریخی ہے:
1. 18 سال بعد ٹائٹل: پاکستان نے آخری بار 2008 میں Kitply Cup جیتا تھا جب بنگلہ دیش میں بھارت کو فائنل میں ہرایا تھا۔ اس کے بعد سے کوئی سہ ملکی ٹائٹل نہیں جیتا تھا۔
2. ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹائٹل: پاکستان نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار کوئی سہ ملکی ون ڈے فائنل جیتا ہے۔ اس سے قبل 1994، 2004 اور 2025 میں ہوم فائنلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 2025 میں نیوزی لینڈ نے لاہور میں ہی پاکستان کو فائنل میں ہرایا تھا، جس کا بدلہ اب لے لیا گیا۔
3. شائقین کا سمندر: قذافی اسٹیڈیم میں 31,265 شائقین نے اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کیا۔ پی سی بی نے شائقین کا شکریہ ادا کیا۔
مینجمنٹ کا رول:
شاہین کی کپتانی میں فرق نظر آیا۔ جارحانہ فیصلے، فخر کو بیک کرنا جب وہ فلاپ تھا، یہ بڑا فیصلہ تھا۔ اگر رضوان ہوتا تو شاید فخر کو ڈراپ کر دیتا۔ دوسرا، پی سی بی نے لاہور میں فائنل رکھا، کراؤڈ کا پریشر سری لنکا پر ڈالا، یہ ہوم ایڈوانٹیج کا صحیح استعمال تھا۔