
کراچی باکسنگ چیمپئن شپ سندھ مسلم کلب نے جیت لی،کیماڑی کلب کی دوسری پوزیشن
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی باکسنگ چیمپئن شپ سندھ مسلم باکسنگ کلب نے جیت لی،کیماڑی باکسنگ کلب کی دوسری پوزیشن رہی۔
علی محمد قمبرانی باکسنگ ایرینا ککری اسپورٹس کمپلیکس لیاری میں منعقدہ چیمپئن شپ میں 86بوائز اور گرلز باکسرز نے شرکت کی اور ایونٹ کو کامیاب کیا۔
اختتامی تقریب میں معروف صحافی اور سابق کھلاڑی محمد رفیق بلوچ مہمان خصوصی تھے،انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں ہونہاراور با صلاحیت باکسرزکی کمی نہیں ہے،
کم عمر باکسرز میں سے ہی مستقبل کے اولمپئن اور انٹر نیشنل باکسرز سامنے آتے ہیں،
اس موقع پر سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمد اصغر بلوچ،سیکریٹری عبدالرزاق بلوچ،عبدالرشید،ممتاز سماجی رہنما محمد کامران،سابق انٹر نیشنل باکسر عدنان بابا،نور بادشاہ،عامر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
ایونٹ میں ریفری ججز کے فرائض رستم بلوچ،محمد خرم،خان محمد،عبدالوحید درویش،گلزار خان،مس سمیعہ رفیق،مراد بخش اور شاہ زیب خان نے انجام دئیے۔
چیمپئن شپ کے فاتح سندھ مسلم کلب نے تین گولڈ اور دو سلور میڈلز کے ساتھ ایونٹ جیتا جبکہ کیماڑی باکسنگ کلب تین گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہا۔
فائنل باؤٹس کے نتائج کے مطابق 47کے جی میں قدیر قمبرانی نے سرور علی کو اور شایان نے عبدالمتین کو،50کے جی میں ازان نے عامر کو،فیضان نے بلال کو اور ایاز راجہ نے ایم غوری کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔
55کے جی میں تیمور نے عبید کریم کو،تبریز نے رضوان کو اور شعیب عثمان نے ارسلان کو زیر کیا اور گولڈ میڈل کا حصول یقینی بنایا۔60کے جی میں گل محمد نے عزیر کو،صدام خان نے عمران شیخ کو اور ایان نے ایم عزیر کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
65کے جی کے فائنل میں شیرا ز نے حمزہ خان کو اور 70کے جی کے فائنل میں طلحہ نے سمیر بلوچ کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ویمنز مقابلوں میں 50کے جی کے فائنل میں ایشا رستم نے زینب کو اور 54کے جی میں سلویٰ نے ملائکہ یاسین کو زیر کر کے گولڈ میڈل یقینی بنایا۔



