خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے تباہی سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کے لئے گزشتہ روز طہماس خان سٹیڈیم میں فٹ بال کا میچ کے آر ایل اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوا جس میں کے آر ایل کی ٹیم نے صفر کے مقابلے دو گول سے کامیابی اپنے نام کی کے آر ایل کی جانب سے پہلا گول اٹھارہویں منٹ میں افتخار احمد اور آخری لمحات میں ذوالفقار نے سکور کئے‘دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا‘ارجنٹائن کے سفیر لیوپولڈو فرانسیسکو اور جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر متھوزیلو مڈیکزہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی میچ دیکھا‘پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما‘سابق نیشنل پاکستانی فٹ بالر شاہد خان شنواری‘غلام بلال جاوید اور عبد الحسیب چغتائی‘ تاجکستان کے اعزازی قونصل جنرل انجینئر سید محمود‘عدنان جلیل عدیل سمیت دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں‘
میچ کے دوران لاکھوں روپے کے عطیات جمع کئے گئے اس سے قبل ایک فٹبال میچ لنڈی کوتل میں منعقد کیا گیا تھا‘ آخر میں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کئے گئے۔ سکول کی بچیوں نے سیلاب زدگان کے لئے خصوصی ٹیبلو بھی پیش کیاجس میں انہوں نے قومی پرچموں کیساتھ پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سیلاب زدگان کی امداد کے لئے اپیلیں درج تھیں ارجنٹائن کے سفیر لیوپولڈو فرانسیسکو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جب اس میچ کی دعوت ملی تو انہوں نے فورا قبول کی اور اب وہ پشاور میں موجود ہیں اور سیلاب زدگان کی سپورٹ کے لئے وہ ہر وقت حاضر رہیں گے انہیں بہت اچھا لگا ارجنٹائن کی وجہ شہرت میں فٹبال بھی شامل ہے اور ہماری پاکستان فٹبال کے لئے بھی بھرپور سپورٹ جاری رہے گی پہلے ہی سے ہمارے کوچز بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں
‘جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر متھوزیلو مڈیکزہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہماری ٹیمیں بھی یہاں آ کر کھیلیں پشاورآ کر بہت اچھا لگا‘سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کے لئے ہر وقت تیار رہیں گے انہوں نے کہاکہ ہم سے جو بھی ہوسکے گا ہم کریں گے‘پشاور میں بہترین مقابلے کے انعقاد پر آرگنائزر مبارکباد کے مستحق ہیں‘ چیف آرگنائزر شاہد خان شنواری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے پوری قوم کو آگے آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لنڈی کوتل میں کامیاب ایونٹ کرایا اور اب پشاور میں بہترین ایونٹ منعقد ہوا ہے جس میں کے آر ایل کی ٹیم میں آٹھ اور کے پی کی ٹیم میں چار انٹرنیشنل پلیئرز نے شرکت کی
کھلاڑیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی بہترین سپورٹ ہمیں دی اور آئندہ بھی اس قسم کے ایونٹس منعقد کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی تک چین سے ہر گز نہیں بیٹھیں گے انہوں نے سیلاب زدگان کی امداد کے سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان اور ان کی پوری ٹیم وزراء اور تاجر برادری کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ حکومت کے شانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے۔