راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)ضلع راولپنڈی خصوصاََ ٹیکسلااورواہ کینٹ کے لوگوں کو کھیل وتفریح کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ”واہ سپورٹس فیسٹیول” کے انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی، صوبائی وزیر امورنوجواناں وکھیل پنجاب ملک تیمورمسعود کی ہدایت پر ڈائریکٹرسپورٹس پنجاب ندیم قیصر نے ڈی ایس اوشمس توحیدعباسی کے ہمراہ تمام وینیوز کادورہ کیا اورانتظامات کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
واہ سپورٹس فیسٹیول30ستمبر تا2اکتوبر2022ء واہ کینٹ میں منعقدہوگا جس میں 8کلومیٹر میراتھن ریس، کبڈی، اتھلیٹکس، آرچری، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، آسٹریلین فٹبال،رسہ کشی، کراٹے، تائیکوانڈو ،مکس مارشل آرٹس اور تیراکی کے مقابلے ہونگے۔ڈی ایس اوراولپنڈی شمس توحیدعباسی نے بتایاکہ فیسٹیول کے تمام انتظامات ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کررہاہے جن میں کھانوں کے سٹالز لگائے جائیں گے جبکہ افتتاحی اوراختتامی تقاریب میں ملک کے معروف گلوکارساحرعلی بگا، عارف لوہار ودیگراپنے فن کامظاہرہ کرینگے۔