بھارت ہمیں کرکٹ سے متعلق ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، وسیم اکرم

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کا ایشیا کپ کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ جانے کے بیان پر ردعمل آنے کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اگر جے شاہ ایسا بیان دینا چاہتے تھے تو انہیں کم از کم پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔ایک نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ جے شاہ کا بیان منصفانہ نہیں ہے، بھارت پاکستان کو کرکٹ کھیلنے سے متعلق ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ 10،15 سالوں سے پاکستان میں زیادہ کرکٹ نہیں ہوئی لیکن اب ٹیموں نے بالآخر پاکستان آنا شروع کر دیا ہے۔

 

وسیم اکرم نے کہا کہ میں سابق کرکٹر اور کھلاڑی ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ سیاسی محاذ پر کیا ہو رہا ہے لیکن لوگوں کے درمیان رابطہ بہت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے شاہ اگر کچھ ایسا کہنا چاہتے تھے تو انہیں کم از کم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے بات کرنی چاہیے تھی اور ایشین کونسل کا اجلاس بلانا چاہیے تھا۔سابق پاکستانی فاسٹ بولر نے کہا کہ جے شاہ اجلاس میں اپنا موقف بتا سکتے تھے جس پر بحث ہوسکتی تھی، آپ صرف کھڑے ہو کر ایسے ہی یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم پاکستان نہیں جائیں گے۔وسیم اکرم نے کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی کے حقوق پاکستان کو دیے گئے اور یہ حقوق پوری کونسل نے دیے۔واضح رہے کہ منگل کو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے کہا تھا کہ اگلے سال ایشیا کپ کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ ایونٹ نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!