خیبرپختونخوا انٹر ورسٹی گیمز اختتام پذیر،عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے میجر ٹرافی اپنے نام کرلی

خیبرپختونخوا انٹر ورسٹی گیمز پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگئیں، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے دو گولڈ دوسلور میڈلز جیت کر میجر ٹرافی اپنے نام کرلی، ہزار ہ یونیورسٹی نے دوسری جبکہ بے نظیر ویمن یونیورسٹی پشاور نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا اکے 32 یونیورسٹیز کے مابین کرکٹ، والی بال، فٹبال اور بیڈمنٹن مقابلے منعقد ہوئے جس میں 3000 سے زائد مرد وخواتین ایتھلیٹس نے حصہ لیا

گیمزمیں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے مردوں کے فٹ بال ایونٹ میں گولڈ،کرکٹ اور والی بال میں سلور میڈلز جبکہ خواتین کے والی بال میں گولڈ میڈل حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ نے خواتین بیڈمینٹن میں گولڈ جبکہ مردوں کے فٹ بال ایونٹ میں سلور میڈل جیت کر مجموعی طور پر دوسری پوزیشن جبکہ شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور نے کرکٹ میں گولڈ اور والی بال ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کرلی

ان گیمز میں فیئر پلے ٹرافی چترال یونیورسٹی اور گومل یونیورسٹی کو مشترکہ دی گئی،گزشتہ روز مردان سپورٹس کمپلکس میں کھیلا گیا فٹ بال کا فائنل میچ جو کہ انٹرورسٹی گیمز کا آخری معرکہ تھا عبدالولی خان یونیورسٹی مردان اور ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے مابین کھیلا گیا جس میں عبدالولی خان یونیورسٹی نے صفر کے مقابلے ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔ فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ صفر صفر سے برابر رہا تاہم میچ کے آخری لمحات میں عبدالولی خان یونیورسٹی کی جانب سے اعزاز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا،فائنل جیتنے کے بعد عبدالولی خان یونیورسٹی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی اور میجر ٹرافی کی حقدار بن گئی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر کاٹلنگ کامران خان تھے ان کے ہمراہ،چیئر مین سپورٹس عبدالولی خان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق،ڈائریکٹر سپورٹس ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ خالدجلال شاہ،ڈائریکٹرسپورٹس گومل یونیورسٹی نجم الدین،ریجنل سپورٹس آفیسر نعمت اللہ مروت،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس جمشید بلوچ،ایڈمنسٹریٹر قیوم سپورٹس کمپلکس پشاور سید جعفر شاہ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مردان ابزار،اسسٹنٹ ڈائریکٹر مس حیاء ناز،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس ارشاد خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں،واضح رہے کہ خیبر پختونخوا ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کے زیر اہتمام تیس یونیورسٹیوں کے تین ہزار سے زائد میل و فیمل پہلی مرتبہ منعقدہ اس گیمز میں شرکت کی جس میں مرد اور خواتین کھلاڑی جوش و جذبے کیساتھ اپنے اپنے حریف ٹیموں کے خلاف میدان میں اترے اور بھرپور داد سمیٹی،ان گیمز میں تین خواتین کے مقابلے جن میں والی بال،بیڈمینٹن اور کرکٹ جبکہ مردوں کے مقابلوں میں فٹ بال،والی بال اور کرکٹ شامل تھیں۔

error: Content is protected !!