چوتھی ایشین اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئین شپ یکم نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہو گی ، کرنل وسیم احمد

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیراہتمام چوتھی ایشین اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئین شپ یکم نومبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں شروع ہو گی۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم احمد، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصوراحمد اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ کرنل ریٹائرڈ وسیم احمد نے کہا کہ چیمپیئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور چار روزہ چیمپئین شپ میں 18 ممالک کے 400سے زائد اتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کرینگے۔ ان ممالک میں پاکستان سمیت امریکہ، افغانستان، البانبہ،بحرین، مصر، برطانیہ،ایران، عراق،قازقستان، نیپال، عمان، شمالیہ،سری لنکا، شام،عرب امارات،ورلڈ تائیکوانڈو ریفیئوزی اورمشرقی تیمور شامل ہیں۔چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کی مختلف کیٹگریز کے مقابلے ہونگے، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصوراحمد نے کہاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمن مزاری کی خصوصی ہدایات پر چیمپئن شپ کے حوالے سے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کو تمام سہولیات فراہم کر دی ہیں۔اور ہماری طرف سے چیمپئن شپ کی تمام تیاریاں بھی مکمل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں کرنل وسیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان آئندہ سال ایشین سینئر تائیکوانڈو چیمپئین شپ کی بھی میزبانی کرے گا، امید ہے موجودہ حالات میں ایشین چیمپین شپ متاثر نہیں ہو گی، وزارت داخلہ سمیت دیگر اداروں نے ہر ممکن سپورٹ فراہم کی ہے،ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایشین چیمپئین شپ میں شرکت کیلئے بھارت کو بھی مدعو کیا تھا، بھارت نے چیمپئین شپ میں شرکت سے معذرت کی ہے،
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ ہمارے کھلاڑی کو کھیلنے کے اچھے مواقع ملے ۔ ہمارے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر میڈلز حاصل کئے ہیں اور اولیمپیئنز اور ورلڈ کے کھلاڑیوں ساتھ کھیلنے کے بھی مواقع ملیں اور اس سے ہمارے کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع اورتجربہ ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش اور مقصد ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اچھے کھلاڑیوں سے کھیل کر آئندہ بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ چیئرمین ریفری مسٹر شارم نے کہا کہ ریفریز کورس بھی آئندہ ہفتے ہو گا جس کو کامیاب بنائیں گے پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔
سی ای او پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن عمر سعید نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ اتھلیٹس کو پلیٹ فارم فراہم کیا جائے اورتائیکوانڈو کھیل کی پرموشن کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

error: Content is protected !!