عقیل خان آئندہ سال ٹینس کے کھیل سے ریٹائر ہو جائینگے

ٹینس اسٹار عقیل خان ان دنوں لاہور میں جاری حسن طارق رحیم نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئین شپ میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ آئندہ برس ان کا ٹینس میں آخری سال ہو گا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عقیل خان نے کہا کہ وہ آئندہ برس ریٹائر ہو جائیں گے، ٹینس چھوڑنے کو دل تو نہیں کرتا لیکن اپنی صحت کو بھی دیکھنا ہے، اس لیے اب ٹینس چھوڑنے کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شعیب خان اور مزمل جیسے کھلاڑی ہیں جو اب ٹینس کو آگے لے کر بڑھ سکتے ہیں،ڈیوس کپ میں ان پر ذمے داری پڑے گی تو وہ ضرور اسے پورا کریں گے۔

 

ٹینس کھلاڑی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ ایک دو کھلاڑی ہی ذمے داری اٹھاتے رہے ہیں، ایسا نہیں ہوا کہ پانچ چھ کھلاڑی ہی یکساں مہارت کے ہوں اور وہ پاکستان ٹینس کو لے کر آگے بڑھ رہے ہوں، مجھے امید ہے کہ اب یہ دو کھلاڑی گیپ کو کم کرنے کے اہل ہوں گے۔عقیل خان نے کہا کہ پاکستان ٹینس کے لیے الارمنگ صورتحال اس وقت تک رہے گی جب تک ہم مکمل اکیڈمیز کا قیام عمل نہیں لائیں گے، دنیا کی ٹینس اور پاکستان کی ٹینس کے علاوہ پاکستان میں کھلاڑیوں کے درمیان گیپ بڑھتا رہے گا اور اس کے لیے ضروری ہے ہم اکیڈمیز بنائیں جہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کو رکھیں اور ان کی ساری ذمے داری اٹھائیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں سہولتوں کی کمی نہیں ہے، اسلام آباد کے بعد اب لاہور میں بھی ورلڈ کلاس ٹینس کورٹس بن چکے ہیں، ضرورت ہے تو اکیڈمیز کی، اس پر جلد از جلد کام کرنا ہو گا۔

تعارف: newseditor