قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا اور انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہو گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سینئر بلے باز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہونے والے تجربہ کار کرکٹر نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فیصلہ کرنا کافی مشکل تھا لیکن انتہائی سوچ بچار کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا کہ یہی ریٹائرمنٹ کا درست وقت ہے۔اپنے اہلخانہ، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ میں نے کیریئر کے اختتام کا فیصلہ کیا ہے اور کراچی ٹیسٹ میرے کرکٹ کیریئر کا آخری میچ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ میرا اپنا ہے، کسی نے مجھے اس بارے میں نہیں کہا، جس طرح سے نوجوان کرکٹرز آ رہے ہیں مجھ اس پر خوشی ہے
ٹیم مینجمنٹ میچ جیتنے کے لیے بہترین ٹیم منتخب کرتی ہے اور میں ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں لیکن میں نے جو مجھے بہتر لگا اس لحاظ سے فیصلہ کیا ہے۔مایہ ناز کرکٹر نے کہا کہ یہ میرا آخری سیزن تھا اور میں نے سوچا ہوا تھا کہ یہ میں آخری سیزن کھیلوں گا، سچ کہوں تو میری کوشش تھی کہ میں 100 ٹیسٹ میچ مکمل کروں لیکن اب وہ بھی نہیں ہو سکتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتنی کرکٹ کھیلنے کے بعد کسی کے بیان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مجھے اپنے بارے میں بھی سوچنا ہے کہ آگے کی زندگی کیسے گزارنی ہے۔اظہر نے کہا کہ مستقبل کے بارے میں کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، ڈمیسٹک کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ فی الحال جاری رکھوں گا، اس کے علاوہ مزید کوئی منصوبہ بندی نہیں کی لیکن میری کوشش ہو گی کہ کچھ ایسا کروں کہ اس زندگی کے بعد کی چیزیں آسان ہو سکیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا تھا کہ میں اپنی سرزمین پر کبھی بھی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکوں گا لیکن حکومت پاکستان، پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی ایجنسیز کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے دیگر ٹیموں کو اس بات کا یقین دلایا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔