پاکستان کپ کی فائنل فور ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا

سینٹرل پنجاب، سدرن پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے کراچی میں جاری پاکستان کپ کے سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ سینٹرل اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے مابین ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں اتوار کو شیڈول ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔ ایونٹ کا فائنل پیر کو کھیلا جائے گا۔

جمعرات کے روز یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو بآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے ۱۲۱ رنز کا ہدف سولہویں اوور کی پہلی گیند پر محض ۲ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر محمد شہزاد ناٹ آوٹ ساٹھ رنز بناکر نمایاں رہے۔ شارون سراج ۳۷ رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ سدرن پنجاب کے محمد عمیر نے چار جبکہ شارون سراج نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شارون سراج کو آلراونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دوسری جانب نیشنل بنک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستنان نے خیبرپختونخوا کو ۷ وکٹوں سے شکست دے دی۔ بلوچستان نے اوپنرز عمران بٹ اور حسیب اللہ کی نصف سنچریوں کی بدولت ۱۳۴ رنز کا ہدف انیسویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔ عمران بٹ ۶۳ رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ حسیب اللہ نے ۵۳ رنز بنائے۔ اس سے قبل محمد جنید نے ۳۷ رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یاسر شاہ نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔

اُدھر اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے سندھ کو ۶۶ رنز سے ہرادیا۔ ۳۱۱ رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم ۲۴۴ رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ فراز علی ۶۴ اور سہیل خان ۴۳ رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسامہ میر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سینٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد ۶۷ اور طیب طاہر ۵۹ رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ طیب طاہر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

error: Content is protected !!