پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل کل کھیلا جائیگا

کراچی میں جاری پاکستان کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پنجاب کی دونوں ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں31 دسمبر بروز ہفتہ کو اسٹیٹ بنک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں مدمقابل آئیں گی۔ ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے اختتام پر سینٹرل پنجاب کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جبکہ سدرن پنجاب کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود تھی۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل اتوار کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کا فائنل دو دسمبر بروز پیر کو اسٹیٹ بنک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ یہ تمام میچز پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر ہوں گے۔

ڈبل راونڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم نے مجموعی طور پر دس میچز کھیلے۔ گروپ مرحلے کے اختتام پر بلوچستان کے نوجوان حسیب اللہ دس میچز میں ۵۰۴ رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں۔ سندھ کے صائم ایوب نے ۴۶۱ اور سینٹرل پنجاب کے طیب طاہر نے ۴۴۴ رنز بنارکھے ہیں۔

باولنگ میں خیبرپختونخوا کے نوجوان فاسٹ باولر احسان اللہ چوبیس وکٹیں حاصل کرکے ٹاپ وکٹ ٹیکر ہیں۔ سینٹرل پنجاب کے اسپنر اسامہ میر نے ۲۲ جبکہ سندھ کے شاہنواز دھانی نے ۱۷ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

اس سے قبل سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں دو مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ جہاں پہلا ٹاکرا سینٹرل پنجاب اور دوسرا سدرن پنجاب نے جیتا۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مابین دو راونڈ میچز میں سے بھی ایک کے پی اور دوسرا بلوچستان نے جیتا۔

error: Content is protected !!