مارٹن گپٹل بھی شاہین شاہ آفریدی کی بائولنگ سے متاثر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر مارٹن گپٹل فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ سے خوب متاثر ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مارٹن گپٹل نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے لاہور میں شاندار بولنگ کی ہے انہوں نے جس طرح اسپیل کیا وہ میں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نہیں دیکھا، وہ متاثر کن ہیں امید ہے کہ ہمارے خلاف ایسا اسپیل نہیں کریں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل نے کہا کہ پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر جہاں ہماری ٹیم کو ہونا چاہیے تھا وہاں نہیں ہے، صورتحال آئیڈیل نہیں ہے اس مرحلے میں ہمارے لیے مزید ہارنے کے لیے کچھ نہیں ہے

 

 

ہارنا کوئی اچھی چیز نہیں ہے، ٹی ٹوئنٹی لیگ کرکٹ میں جیت کو عادت بنانا ہوتا ہے اور لیگ میں رہنے کے لیے اب ہمیں جیتنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، ہر میچ میں آپ انفرادی طور پر اچھا نہیں کر سکتے،کوشش ہے کہ اب جو مرحلہ ہے اس میں پہلے کے مقابلے میں اچھا کھیلوں۔ایک سوال کے جواب میں مارٹن گپٹل نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے وقت اچھا نہیں تھا سو رہا تھا لیکن جھلکیاں دیکھیں یہ ناقابل یقین ٹیسٹ میچ تھا

 

 

 

نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے غیرمعمولی فائٹ بیک کیا، ایک رن سے ٹیسٹ میں کامیابی کو فینز نے خوب پسند کیا ہو گا، ان کے پیسے پورے ہو گئے ہوں گے۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے ملک کے لیے ساڑھے چھ سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے، مجھے نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا اچھا لگتا ہے، اب بھی کبھی موقع ملا تو میں اس موقع کو دونوں ہاتھوں سے حاصل کرنے کی کوشش کروں گا لیکن میں اندازہ نہیں لگا سکتا کہ مجھے یہ موقع کب ملے گا۔واضح رہے کہ مارٹن گپٹل نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری اسکور کی لیکن اس کے بعد وہ کوئی لمبی اننگز نہیں کھیل سکے ہیں۔

error: Content is protected !!