نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ:کے پی ٹی کی مریم نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)ویمنز فلائی ویٹ میں کے پی ٹی کی مریم نے چیئر مین کے پی ٹی 40ویں مینز اور چوتھی ویمنز نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پہلا گولڈ میڈل جیت لیا،پاکستان آرمی کے 12،واپڈااور نیوی کے پانچ،پانچ، پاکستان ائیر فورس کے چار، پنجاب کے تین،بلوچستان اورآزاد جموں کشمیرکے ایک ایک مینز اور ویمنزباکسرز نے چیئر مین کے پی ٹی 40ویں نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی،تما م کیٹیگریز کے فائنل آج کھیلے جائیں گے،پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیراہتمام اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تعاون سے جاری چیئرمین کے پی ٹی 40 ویں مینز اور چوتھی ویمنزنیشنل باکسنگ چیمپئین شپ میں مینز اور ویمنز کیٹیگریز میں سیمی فائنلز اور ایک فائنل کھیلا گیا۔

 

 

 

 

ویمنز فلائی ویٹ کے فائنل میں کے پی ٹی کی مریم نے آرمی کی رمشا کو 4-1سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔سیمی فائنل مقابلوں میں مینز مڈل ویٹ میں نیوی کے تنویر احمد نے واپڈا کے کرار حسین کو،مینز ویلٹر ویٹ میں آرمی کے گل زیب نے بلوچستان کے ضیاالرحمان کو،ضیا لرحما ن کو،دوسرے سیمی فائنل میں آرمی کے سیف المنان کو سندھ کے زاہد پٹھان کے خلاف واک اوور مل گیا جس کے بعد انہوں نے فائنل میں جگہ بنالی،مینز لائٹ ہیوی کے سیمی فائنل میں واپڈا کے اسد اللہ نے سندھ کے اصال کو،نیوی کے قیصر علی نے پی اے ایف کے ایمل پٹھان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔مینز کے80کے جی کے سیمی فائنل مقابلوں میں نیوی کے حسنین نے کے پی ٹی کے حارث رشید کو اور آرمی کے زیشان علی نے پی اے ایف کے محمودالحسن کو 5-0سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔قبل ازیں اتوار کی شب کھیلے گئے مقابلوں میں مردوں کی لائٹ ویٹ کیٹیگری میں پی اے ایف کے شہاب الدین نے پنجاب کے زیشان کو اور آرمی کے ابراہیم نے کے پی ٹی کے بابر علی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی

 

 

 

 

مینز لائٹ ویلٹر ویٹ کے سیمی فائنلز میں آرمی کے ابرار علی نے نیوی کے فیصل حنیف کو اور پی اے ایف کے داؤد نے بلوچستان کے عبیدہ کو ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔مینز ویلٹر ویٹ کے سیمی فائنل میں واپڈا کے محب اللہ نے سندھ کے نجیب کو شکست دے کر ٹائٹل میچ میں جگہ پکی کی،مینز لائٹ مڈل ویٹ کے سیمی فائنلز میں واپڈا کے احسان اللہ نے آرمی کے سعید انور کو اور نیوی کے شہاب خان نے پی اے ایف کے ادریس کو شکست دے کر فائنل میں رسائی پائی۔خواتین کے لائٹ فلائی ویٹ کے سیمی فائنل میں پی اے ایف کی بشریٰ اختر نے بلوچستان کی مریم کو،بینٹم ویٹ میں پی اے ایف کی رضیہ بانو نے سندھ کی اساوارا کو اور ویمنز فیدر ویٹ کے سیمی فائنل میں بلوچستان کی زینب نے کے پی کی سارہ کفائت کو شکست دے کر فائنل میں رسائی یقینی بنائی۔

 

 

 

 

 

پانچ روزہ نیشنل چیمپئین شپ میں مردوں کی 13جبکہ خواتین کی 7 ویٹ کیٹیگری کے مقابلے شیڈول ہیں۔ ایونٹ میں آرمی، واپڈا، ایئرفورس، نیوی، ریلوے، کے پی ٹی، ایچ ای سی، پولیس، سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخواہ، اسلام آباد اور آزاد جموں کشمیر کی ٹیمیں حصہّ لے رہی ہیں۔

error: Content is protected !!