نیا ناظم آباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ میں لیگ میچز اختتام پذیر ہوگئے ۔

نیا ناظم اباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ

عمر ایسوسی ایٹس اور ہیلا ڈوس کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں

مہمان خصوصی نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی نے انعامات تقسیم کیے

ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، رحمت علی حسنی

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) نیا ناظم آباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ میں لیگ میچز اختتام پذیر ہوگئے ۔

نیا ناظم آباد جمخانہ میں کھیلے جانے والے لیگ کے آخری روز عمر ایسوسی ایٹس نے ہیلاڈوس ٹیم کو چونتیس رنز سے شکست دی۔ عمر ایسوسی ایٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں پرایک سو ستر رنز بنائے۔ نوجوان اوپنر عماد عالم باون، محمد نافع تیس اور دانش عزیز ستائیس رن بناکر نمایاں رہے۔

عثمان مایا نے تین اور عثمان طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ہیلا ڈوس کی ٹیم ایک سو پینتس رنز بناسکی۔ عثمان شاہ اور نبی گل پینتیس پینتیس رنز اسکور کرسکے۔ حسان خان نے چار اوور میں صرف بارہ رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دانش عزیر نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

مہمان خصوصی نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی نے انرامات تقسیم کیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نیا ناظم آباد عارف حبیب نے نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا۔

بعدازاں کھیلے گئے ایک اور میچ میں پیشن سی سی نے رحمن ہیلتھ کیئر کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

رحمن ہیلتھ کیئر کی ٹیم صرف اکیاسی رنز پر ڈھیر ہوئی۔ چھ بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ انیس وائیڈ بال سمیت ستائیس ایکسٹراز بنے۔ گلفام چیمہ نے چار اور علی حیدر نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔

پیشن کلب نے ہدف تین وکٹ پر حاصل کرلیا۔ خرم شہزار نے پینتیس اور شاہ زیب خان نے انتیس رنز اسکور کیے۔ احمد ندیم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز یکم اپریل کو ہوں گے جبکہ فائنل دو اپریل کو کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!