سندھ پریمئر لیگ کا آغاز19ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا،ناصر علی شاہ

 

 

 

 

”بے نظیر لعلز“کی اونر شپ کنگڈم ویلی گروپ نے حاصل کر لی،بہت خوش ہوں:غلام حسین شاہد

ایس پی ایل کے پلیٹ فارم سے سندھ کے کھلاڑی پاکستان ٹیم میں آئیں گے،شاہد آفریدی

شاہدآفریدی اورعبدالرزاق کے ساتھ سندھ کے نوجوان ڈریسنگ روم شیئر کرینگے،عارف ملک

 

سندھ سپریمئر لیگ 19ستمبر سے شروع ہوگی جس میں سندھ کے تمام 6ریجن کی ٹیمیں شرکت کریں گی،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور شہرہ آفاق آل راؤنڈرشاہد آفریدی اور عبدالرزاق سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے اسٹارز بنائیں گے۔

یہ بات صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی ہال میں سندھ پریمیئر لیگ کی ٹیم بے نظیر آباد لعلز کی اونر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس شاندار تقریب میں چیئر مین آف کنگڈم ویلی گروپ غلام حسین شاہد، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شہرہ آفاق کرکٹر شاہد خان آفریدی،سندھ پریمئر لیگ کے چیئر مین عارف ملک،ایس پی ایل کے سی ای اوشہزاد اختر،ایس پی ایل کے مینٹور سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق اورممبر صوبائی اسمبلی منور علی وسان بھی موجود تھے۔

 

تقریب میں چیئر مین آف کنگڈم گروپ غلام حسین شاہداور سندھ پریمئر لیگ کے چیئر مین عارف ملک نے ایم او یو پر دستخط کئے جس کے بعد چیئر مین ایس پی ایل عارف ملک نے بے نظیر علز کے اونر چیئر مین آف کنگڈم گروپ غلام حسین شاہد کو بے نظیر لعلز کا جھنڈا سونپا۔مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلدیا ت ناصر علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایس پی ایل سے سندھ کے نظر انداز کئے گئے علاقوں کے کھلاڑیوں کو بھر پور مواقع ملیں گے،

تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر زمیں اسپورٹس کی سہولیات میں اضافہ کر رہے ہیں،انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ پریمئر لیگ کا افتتاح19ستمبر کو ہوگا اور افتتاحی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ اس لیگ کی کامیابی سے نا صرف سندھ کے گراؤنڈز کی حالت بہتر ہوگی بلکہ یہاں کے ٹیلنٹ کو دنیا بھر میں پذیرائی ملے گی۔

ایس پی ایل کے صدر عارف ملک کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ شاہد آفریدی اور عبدالرزاق جیسے لوگ موجود ہیں جن کی موجودگی میں سندھ کے کھلاڑی ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے بہت کچھ سیکھ سکیں گے،ہماری کوشش ہے کہ اس پلیٹ فارم سے سندھ کے کھلاڑی نا صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کریں۔سندھ پریمئر لیگ کے لئے براڈ کاسٹنگ پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں کوشش ہے کہ دنیا کے کم از کم50بہترین اسپورٹس چینلز پر ایس پی ایل کے میچز دکھائے جائیں۔

 

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں ایس پی ایل سے بہت متاثر ہواہوں اور اسی لئے ان کے ساتھ ہوں کہ یہ میرے خوابوں کے نزدیک ترین ہے،میں چاہتا ہوں کہ سندھ کے کھلاڑی بھی قومی ٹیم میں شامل ہوں اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔میری خواہش ہے کہ سندھ کے بعد بلوچستان میں بھی اسی طرز کی لیگ سامنے لائی جائے تاکہ صوبے میں بہترین انفرااسٹرکچر بنے اور دور دراز علاقوں کے بچے بھی معیاری سہولیات کے ساتھ کر کٹ کھیل سکیں۔

چیئر مین آف کنگڈم گروپ غلام حسین شاہد کا کہنا تھا کہ انہیں سندھ پریمئر لیگ کا حصہ بن کر اور ٹیم خرید کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔بے نظیر لعلز خریدنے میں دو باتیں ہیں ایک تو یہ کہ عظیم لیڈر بے نظیر کے نام سے موسوم ہے اور دوسرا یہ کہ قلندرز کی دھرتی کی مناسبت سے لعلز کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

 

میری خواہش ہے کہ شاہد آفریدی اور عبدالرزاق ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں جو بھارت کے خلاف ہمیشہ اچھا کھیل پیش کریں۔ایس پی ایل کے سی ای او شہزاد اختر کا کہنا تھا کہ اس لیگ کے انعقاد کے بعد سندھ کا نام اسپورٹس میں بھی بہت روشن ہوگا،

 

اندرون سندھ کو ابھی تک لوگ پس ماندہ سمجھتے ہیں لیکن اس لیگ کے انعقاد کے سلسلے میں جو بہترین انفرا اسٹرکچر بنے گا وہ قابل تقلید ہوگا۔پی ایس ایل کے مینٹور عبدالرزاق نے کہا کہ لیگ کے سلسلے میں ٹرائلز کا سلسلہ شروع کیا جارہاہے۔

 

error: Content is protected !!