سندھ پریمئر لیگ کا پہلا ایڈیشن 14 سے25 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا.

 

 

ایس پی ایل کا پہلا ایڈیشن دسمبر میں کراچی میں کھیلا جائے گا،عارف ملک

نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں 14سے25دسمبر تک سندھ کا سب سے بڑا کرکٹ میلہ سجایا جائے گا،تقریب میں اعلان

 

ہر فرنچائز ایک غیر ملکی اور سندھ کے ایک کرکٹر کو آئیکون پلیئر بنائیں گی،10ہزار کھلاڑی رجسٹرڈ ہو چکے ہیں،صدر ایس پی ایل

 

ایس پی ایل کا انعقاد خوش آئند ہے،ناصر حسین شاہ:لیگ سے کراچی کا مثبت تاثر جائے گا:میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

 

لیگ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،جنید شاہ:لیگ سے جدید کرکٹ کو سمجھ کر کھیلنے والے کھلاڑی ملیں گے،میانداد

 

سندھ نے ایس پی ایل سے نئی روایت ڈالی ہے،شاہد آفریدی،تقریب سے فرنچائز مالکان نے بھی خطاب کیا

 

 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سندھ پریمئر لیگ کا پہلا ایڈیشن 14 سے25دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا،لیگ میں چھ فرنچائزز شرکت کریں گی ہر فرنچائزمیں انگلینڈ کا ایک کھلاڑی شامل ہوگا جبکہ ہر فرنچائز غیر ملکی کرکٹر کے ساتھ ساتھ سندھ کے ایک کرکٹر کو اپناآئیکون پلیئر بنائیں گی۔اس بات کا اعلان سندھ پریمئر لیگ کے صدر عارف ملک نے پیر کو کراچی میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ایس پی ایل کی تمام فرنچائزز کے مالکان،سندھ کی سابق کابینہ کے وزیر ناصر حسین شاہ،مئیر کراچی مرتضی وہاب،نگران وزیر کھیل جنید علی شاہ،ایس پی ایل کے سی ای او شہزاد اختر،جاوید میانداد،شاہد آفریدی،مصباح الحق،ڈائرکٹر آپریشنز ایس پی ایل نوید احمد خان،جاوید شیخ،عبدالرزاق،شعیب ملک،سہیل خان کے علاوہ کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔عارف ملک کا کہنا تھا کہ سندھ پریمئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد 14 سے25تک کراچی میں کیا جائے گا

میچز نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جائیں گے،پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی دل چسپی سے ایس پی ایل کو این او سی ملا جس سے بلاول بھٹو کی اس لیگ سے خصوصی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے،10ہزار سے زائدلوکل کھلاڑیوں نے ہمارے پاس رجسٹریشن کروائی ہے جو ہمارے اندازسے بہت زیادہ ہے،

ان کا کہنا تھا کہ ہر فرنچائز میں انگلینڈ کا بھی ایک کھلاڑی کھیلے گا،مجھے امید ہے کہ تمام فرنچائزز اور اوور سیز دوست مل کر اس کو کامیاب لیگ بنائیں گے،انہو ں نے اعلا ن کیا کہ سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز حیدر آباد بہادر کے مینٹور ہوں گے جبکہ ایک فرنچائز کا سری لنکن اسپنر مرلی دھرن سے رابطہ ہوا ہے وہ بھی جلد ہماری لیگ کا حصہ بن جائیں گے،ہر فرنچائز میں ایک انٹر نیشنل اور ایک سندھ کا کھلاڑی آئیکون پلیئر بھی ہوگا۔

سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات ہے کہ ایس پی ایل کا انعقاد ہورہا ہے،پی سی بی نے ایونٹ کا این او سی جاری کردیاجو بہت بڑی کامیابی ہے، ہماری کوشش ہے کہ کراچی سے کشمور تک کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے۔ میں لیگ کے منتظمین اور وزیر کھیل سے کہوں گا کہ وہ سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل اور نیشنل کوچز سے تربیت دلوائیں تاکہ سندھ کے کرکٹرز مستقبل میں قومی ٹیم تک رسائی حاصل کر سکیں۔

 

میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے روکنا ضروری ہے،نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کر رہے ہیں،ایس پی ایل سے شہر کراچی کا مثبت تاثر جائے گایہ لیگ سندھ کے نوجوانوں کے لیے اچھا موقع ہے،لیگ کامیاب بنانے کے لیے سندھ حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔نگراں صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کی سطح پر لیگ کا انعقاد بہترین کاوش ہے،گزشتہ دس برسوں میں سندھ حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کا جال بچھا یا،درجنوں معیاری گراؤنڈ تعمیر کیے،سندھ پریمئرلیگ سے اچھے کھلاڑی سامنے آنے کی توقع ہے۔

 

 

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد نے کہا کہ میں ایس پی ایل کے انعقاد کے حوالے سے بہت پر جوش ہوں،کراچی سمیت سندھ میں کھیلوں کی سہولیات میں اضافے کی ضرورت ہے،آج کل روایتی کرکٹ سے ہٹ کر کرکٹ ہو رہی ہے،مجھے یقین ہے کہ ایس پی ایل سے جدید کرکٹ کو سمجھ کر کھیلنے والے کئی نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔

سابق کپتان اور آل راؤنڈرشاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن ضائع بھی بہت ہوتا ہے،میں سمجھتا ہوں کہ اس لیگ سے ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچے گا۔صوبہ سندھ اور شہر کراچی سے تعلق پر فخر ہے اور اس پر بھی کہ میں سندھ پریمئر لیگ کا حصہ ہوں،سندھ نے یہ لیگ شروع کرکے ایک نئی روایت ڈالی ہے،اب دوسرے صوبوں کو بھی اس کو فالو کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ اس لیگ کو محض ایک ماہ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ سارا سال اکیڈمیز کی طرز پر کام کیا جائے تاکہ نئے ٹیلنٹ میں نکھا آتا رہے۔

سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کاکہنا تھا کہ بطور کوچ اور مینٹور لیگ کرکٹرز کی رہنمائی کروں گا،لیگ سے اچھے کھلاڑی ملنے کی توقع ہے، امید ہے کہ لیگ پاکستان کرکٹ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

سابق ال راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھار لانے میں کردار ادا کریں گے،سابق آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کٹھن مراحل طے کرکے ہی کامیابی ملتی ہے ایسے ایونٹس کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرتے ہیں، ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔

تقریب سے حیدرآباد بہادر کے اونر اور چیئر مین الحیات گروپ جہانزیب عالم،بے نظیر آباد لعلز کے اونر غلام حسین،لاڑکانہ چیلنجرز کے اونراسد حفیظ رانا،سکھر پیٹریاٹس کے اونر بلال حسین سیکھو،کراچی غازیز کے وسیم خان نے بھی خطاب کیا

اور لیگ کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔تقریب کے دوران سندھ پریمئر لیگ اور ٹین زی ڈرنک کے مابین ایسوسی ایٹ پارٹنر کے حوالے سے ایم او یو بھی سائن کیا گیا

جس پر عارف ملک اور شاہد آفریدی نے دستخط کئے،حیدرآباد بہادر کے مینٹور جنوبی افریقن کرکٹر ہر شل گبز کا وڈیو پیغام بھی تقریب میں دکھایا گیا جس میں انہوں نے حیدرآباد بہادرز اور ایس پی ایل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا،

علاوہ ازیں دوران تقریب لاڑکانہ چیلنجرز نے شاہنواز دھانی کو اپنا آئیکون پلئیر بنانے کا اعلان بھی کیا۔

 

 

 

error: Content is protected !!